ہوم << مریم خالد کی موت اور ناپائیدار زندگی - بشارت حمید

مریم خالد کی موت اور ناپائیدار زندگی - بشارت حمید

بشارت حمید میرا فیس بک کی لکھاری مریم خالد سے پہلے کوئی تعارف نہیں تھا. کل ان کی وفات کے بعد مختلف لوگوں کی تحاریر پڑھ کر اندازہ ہوا کہ وہ ایک بہت اچھی شخصیت کی مالک تھیں. اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
ایک مومن کی وفات کے بعد اتنے سارے لوگ اس کو بہترین الفاظ میں یاد کریں تو یقیناً اللہ تعالی بھی ان سے راضی ہوں گے۔ ہمیں یہ حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ ہم سب چاہیں یا نہ چاہیں، ایک ایک سانس اور گزرتے ہوئے ہر لمحے کے ساتھ اپنے اختتام کی طرف بڑھتے چلے جا رہے ہیں لیکن شعوری طور پر اس کا احساس کم ہی ہوتا ہے۔ دنیا کی رنگینیاں ہمیں اس حقیقت کے بارے سوچنے کا موقع ہی نہیں دیتیں۔ اللہ تعالٰی نے سورہ العصر میں فرمایا کہ قسم ہے (تیزی سے گزرتے ہوئے) زمانے کی یقیناً انسان (بہت بڑے) خسارے میں ہے مگر (سوائے ان کے) جو ایمان لائے اور نیک اعمال کرتے رہے اور (ایک دوسرے کو) حق کی وصیت کرتے رہے اور صبر کی تلقین کرتے رہے۔
جو اس فانی دنیا سے جا چکا وہ تو واپس نہیں آئے گا لیکن وہ ہمارے لیے ایک سبق چھوڑ گیا کہ میرا تو وقت ختم ہو چکا، اب تم اپنی فکر کر لو کہ ابھی تمہاری مہلت باقی ہے۔
ابھی بھی ہمارے پاس وقت ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی کا جائزہ لیں کہ ہم خود کس مقام پر کھڑے ہیں اور کس مقصد کے لیے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ہم جب کبھی کسی سے حال احوال پوچھیں تو ایک فقرہ اکثر استعمال کرتے ہیں کہ زندگی اچھی ”گزر“ رہی ہے۔ اگر اس پر ہی غور کر لیں کہ انسان دنیا میں ایک مقررہ وقت گزارنے آیا ہے اور یہ وقت بہت تیزی سے گزرتا جا رہا ہے۔ جو لمحہ گزر گیا وہ دوبارہ زندگی میں کبھی واپس نہیں آئے گا۔ یہ جو ماہ و سال کی گردش ہے، یہ تو صرف وقت کا تعین کرنے کے لیے ہے ورنہ حقیقتاً جو دن گزر گیا وہ کبھی نہیں پلٹتا۔
آئیے! ہم اپنے اپنے گریبان میں جھانک کر اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں اور ہماری جتنی مہلت باقی ہے اس کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع میں گزارنے کی کوشش کریں تاکہ ہمارا انجام آخرت میں نیک لوگوں کے ساتھ ہو۔ اللہ تعالٰی ہمیں ہدایت کاملہ عطا فرمائے۔ آمین

ٹیگز

Comments

Click here to post a comment