ہوم << ترک بغاوت ناکام بنانے میں ٹیکنالوجی کا کردار - عمران زاہد

ترک بغاوت ناکام بنانے میں ٹیکنالوجی کا کردار - عمران زاہد

10155883_10154733532529478_5886019418085289879_nپچھلی رات جب فوج کے ایک حصے نے ترک حکومت کے خلاف بغاوت برپا کی، اس وقت اردگان سالانہ چھٹیوں پر دارالحکومت سے باہر ایک تفریحی مقام انطالیہ میں قیام پذیر تھے۔ فوج نے تمام سرکاری ذرائع ابلاغ پہ قبضہ جما لیا تھا۔ فضا میں گن شپ ہیلی کاپٹرز کی توپوں کی گونج تھی اور فیس بک ٹوئٹر جیسے تمام ذرائع بھی پہنچ سے باہر تھے۔ پلان کا اہم ترین حصہ اردگان کی آواز کو عوام تک پہنچنے سے روکنا تھا۔ بغاوت کا پلان اتنا فول پروف تھا کہ اردگان واقعی قوم سے رابطہ کرنے میں ناکام رہا تھا۔ باغی اپنی جگہ پر مطمئن تھے کہ فضاؤں اور زمین پر ان کا مکمل قبضہ ہے۔ کوئی پتہ بھی ان کی مرضی کے بغیر نہیں ہل سکتا۔ بیرونی حکومتوں نے ان کی حمایت میں محتاط انداز میں خیرسگالی کے بیان نشر کرنا شروع کر دیے تھے۔ غیر ملکی میڈِیا کامیاب بغاوت کی بریکنگ نیوز دے چکا تھا۔ ہمارے ملک کے دانش فروش بھی سرشاری کے عالم میں ترک صدر کو سابق صدر اور وزیر اعظم کو سابق وزیراعظم کے لقب سے یاد کر رہے تھے۔ لیکن تقدیر دور کھڑی ان کی حماقت پر مسکرا رہی تھی۔
:
اس وقت اردگان نے آئی فون کے فیس ٹائم فیچر کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ فیس ٹائم سکائپ اور گوگل ہینگ آؤٹ کی طرح کی ایپ ہے جو صرف ایپل کی مصنوعات پر چلتی ہے۔ فیس ٹائم کے ذریعے ایک آئی فون سے دوسرے آئی فون پر ویڈیو کال کی جا سکتی ہے۔
:
سی این ین ترک کی اینکر وہ پہلی ہستی تھی جس نے بغاوت کے بعد اردگان کی جھلک اپنے فون پر دیکھی۔ اس نے فوراً فون کا رخ ٹی وی کیمرہ کی طرف کیا، چھوٹا مائک فون کے پاس کیا اور یوں اردگان کی تصویر اور آواز ترکی کی فضاؤں میں پھیل گئی۔
:
اردگان نے کہا:
"میں اپنے لوگوں سے کہتا ہوں کہ سب کے سب باہر نکلو اور گلی کوچوں کو بھر دو اور باغیوں کو سبق سکھا دو۔ باغی کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ جلد یا بدیر انھیں ہٹا دیا جائے گا۔ میں خود انقرہ کے تقسیم چوک میں اس تحریک کا حصہ بننے آ رہا ہوں۔ ہم ذمہ داروں کوقرار واقعی سزا دیں گے۔"
:
اس پیغام کے نشر ہونے کی دیر تھی کہ لوگ جوق در جوق باہر نکلے اور اس کے بعد انہوں نے لاالہ ،بسم اللہ، اللہ اکبر کی گونج میں جو تاریخ ساز مزاحمت کی اور باغی فوجیوں کو گلیوں میں گھسیٹ گھسیٹ کر گرفتار کیا، وہ اب تاریخ کا ایک تابناک باب ہے۔ لیکن سی این این ترک کو اس کا فوری طور پر یہ خمیازہ بھگتنا پڑا کہ باغی ان کےاسٹوڈیو میں گھس آئے اور ان کی نشریات کو بند کر دیا۔
:
عرب بہار کے موقع پر بھی ٹیکنالوجی نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس وقت ٹوئٹر نے باہم ابلاغ کی سہولت مہیا کی تھی اور اس دفعہ فیس ٹائم نے باغیوں کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔
:
اللہ تعالٰی نے قران میں سچ فرمایا کہ
[pullquote]وَيَمكُرونَ وَيَمكُرُ اللَّهُ ۖ وَاللَّهُ خَيرُ المـٰكِرينَ (سورۃ الانفال)
[/pullquote] وہ اپنی چالیں چل رہے تھے اور اللہ اپنی چال چل رہا تھا اور اللہ سب سے بہتر چال چلنے والا ہے.