ہوم << نو منتخب آرمی چیف کو درپیش چند چیلنجز -حمّاد یُونُس

نو منتخب آرمی چیف کو درپیش چند چیلنجز -حمّاد یُونُس

جنرل عاصم منیر ، پاکستان کے نو مقرر کردہ آرمی چیف ہیں۔
پاک افواج کے سربراہ کو دنیا بھر میں ایک مخصوص قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

عملی طور پر آرمی چیف ہی پاکستان کا سب سے با اختیار منصب ہے۔
مگر بڑے اختیار کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔
یہ منصب سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر کو کن اہم چیلنجز کا سامنا کرنا ہے ؟

مشرقی و مغربی سرحدوں پر عدم اطمینان
گزشتہ کچھ عرصے سے چمن بارڈر پر غیر معمولی تناؤ اور کشیدگی کا سماں ہے۔ جبکہ مشرقی سرحد یعنی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی معمول کی بات ہے۔ جنرل عاصم منیر کو ان دونوں سرحدوں پر اطمینان کی فضا کو یقینی بنانا ہے۔

ملکی سیاست میں خلفشار
موجودہ حالات میں پاکستانی سیاست ایک مشکل مقام پر کھڑی ہے۔ جہاں ملکی سیاست دان آئے روز فوجی سربراہان پر جانب داری اور مداخلت کے الزامات عائد کرتے ہیں۔ اگرچہ اعلیٰ فوجی عہدیداران نے یہ یقین دہانی دلائی تھی کہ فوج سیاست میں مداخلت سے دستبردار ہو چکی ہے۔ مگر سیاستدانوں کی جانب سے الزامات اور بیانات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس حوالے سے آرمی چیف کو اپنا موقف واضح کرنے اور اس حوالے سے رائے عامہ کو ہموار کرنے کے علاوہ ، ملکی سیاست میں فوج کا کردار کم سے کم کرنے کو بھی یقینی بنانا ہے۔

سویلینز کے شبہات
گزشتہ تین برس کے دوران ملک کی دو سرکردہ جماعتوں نے فوجی سربراہان پر سنگین الزامات عائد کیے ، اور فوجی ادارے کے متعلق غیر معمولی نوعیت کے شبہات پیدا کیے تھے۔ جس سے شاید پہلی بار عوام اور سویلینز کے ذہنوں میں فوجی ادارے اور سربراہان کے بارے میں شبہات اور منفی جذبات پیدا ہوئے۔ عوام اور فوج کے درمیان بڑھتی ہوئی اس خلیج کو کم کر کے باہمی محبت اور احترام کے جذبات دوبارہ سامنے لانا ایک اہم چیلنج ہو گا۔

عالمی سیاست میں پولرائزیشن
گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان کی خارجہ پالیسی، شٹل کاک بن کر رہ گئی ہے ۔ امریکہ اور روس کے بلاکس پاکستان کو مسلسل سبز باغ دکھاتے ہیں ، مگر ایک بلاک کو چھوڑ کر دوسرے بلاک میں جائیں تو اس سے الگ مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ جنرل عاصم منیر کو یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان کسی سے لڑائی پیدا کیے بغیر کس طرح آگے بڑھ سکتا ہے ۔

مسئلہ کشمیر
مسئلہِ کشمیر ، یوں تو قیامِ پاکستان سے سر اٹھائے کھڑا ہے مگر 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ مزید سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ اس حوالے سے خارجہ پالیسی اور اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی شنوائی کے علاوہ، کشمیری عوام کی امنگوں کا ترجمان بننا بھی سپاہ سالارِ پاکستان کے لیے ایک چیلنج ہو گا۔

Comments

HammadYounas

حماد یونس

حماد یونس کالم نگار اور تحقیق کار ہیں جو مختلف نثری جہتوں پر عبور رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اردو اور انگریزی زبان میں غزل ، نظم اور آزاد نظم بھی کہتے ہیں۔ نمل لاہور سے انگریزی لسان و ادب میں ایم اے کر چکے ہیں ۔

Click here to post a comment