Tag: نائن الیون

  • مجاہد سے دہشت گرد تک کا سفر (4) – مولوی روکڑا

    مجاہد سے دہشت گرد تک کا سفر (4) – مولوی روکڑا

    قبل اس کے کہ جنرل مشرف کے امریکہ کے آگے ڈھیر ہونے سے آگے کی کہانی بیان کی جائے، یہاں اس ڈسکشن کے بارے میں بتانا مفید ہوگا جو آج تک میرے غیر ملکی کسٹمر، کو ورکر، دوست احباب سے دہشت گردی اور امریکی یلغار کے موضوع پر ہوئی. تقریبا اسی فیصد لوگوں کے تجزیے کا نچوڑ یہ ہے کہ امریکہ اور دوسرے اتحادی ممالک اپنی فوج کو افغانستان اور عراق پر حملے کے لیے پہلے سے تیار کر چکے تھے، ان کو مقامی زبانیں سکھائی گئیں، صحافی تیار کیے گئے جنہوں نے اس حد تک پروپیگنڈا کیا کہ سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل ہو گیا. اس سب کا مقصد قدرتی وسائل کا حصول، ایشیا اور مشرق وسطی میں اپنی فوجی طاقت، اور اقتصادی برتری کو برقرار رکھنا شامل ہیں.

    نائن الیون کے بعد پاکستان میں جو انتشار پھیلا ہے، نہیں معلوم کہ اس کا خمیازہ کتنے سالوں تک بھگتنا پڑے گا. اس سے مسلم ممالک میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے، وہ کب سنبھلیں گے اور اس سے نکلیں گے، اس کا اندازہ لگانا بھی بہت مشکل ہے. جنرل مشرف اونٹ کی کروٹ دیکھے بغیر امریکی اتحادی تو بن بیٹھے لیکن اس کا سب بڑا اور پہلا نقصان ریاست نے اٹھایا، جس نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کھڑی کی تھی تاکہ پاک افغان سرحد سے کوئی خطرہ نہ ہو اور بھارت یا کوئی اور دشمن اسے ہمارے خلاف استعمال نہ کر سکے. امریکہ کا اتحادی بنتے ہی پاکستان اور طالبان کے درمیان بداعتمادی پیدا ہوئی اور اس وقت گہری ہوگئی جب افغان سفیر عبدالسلام ضعيف کو امریکہ کے حوالے کر دیا گیا. امریکی جنگ سے کشمیر جہاد بری طرح متاثر ہوا اور بھارت کو شہ مل گئی کہ وہ ان تنظیموں کو بھی دنیا میں دہشت گرد قرار دلوائے جو کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑ رہی تھیں، اور جن کی کاروائیاں پی ٹی وی پر دیکھائی جاتی تھیں. اسی کے اثرات ہیں کہ کشمیر جہاد پر بات کرنا اب خاصا مشکل ہو گیا ہے.

    دوسری طرف سال 2000 کے بعد مسلح لسانی تنظیموں نے بلوچستان میں سر اٹھانا شروع کر دیا تھا. فرقہ وارانہ تنظیموں کو نوے کی دہائی میں نظرانداز کرنے کی وجہ سے اب وہ چنگاری آتش فشاں بن کر بھڑک اٹھی تھی، مارنے والے بھی اپنے اور مرنے والے بھی، سب سے زیادہ ٹارگٹ کلنگ کراچی میں ہوئی اور اس کا سہرا پرویز مشرف کے سر جاتا ہے جس نے دم توڑتی ایم کیو ایم کو زندگی بخشی، اس کا عسکری ونگ پھر سے توانا ہو گیا جس سے جان چھڑوانے کےلیے موجودہ عسکری قیادت سر توڑ کوششیں کر رہی ہے.

    پرویزمشرف پاکستان کو لبرل بنانے کے لیے آزاد میڈیا ہاؤسز اور کیا کیا بل پاس کرتے رہے. شاید ان کے نزدیک ترقی آزاد میڈیا کا نام تھا جو اب پاکستانی میڈیا کم اور غیر ملکی میڈیا زیادہ لگتا ہے. پالیسیز وہ تجزیہ نگار بنانے لگے جو کھاتے تو پاکستان کا تھے لیکن زبانیں کسی اور کی بولتے تھے. انہی میڈیا ہاؤسز نے فوج جیسے ادارے کی دھجیاں اڑائیں اور تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا. نائن الیون کے بعد اگر صحیح معنوں کسی کو فائدہ ہوا تو وہ ایسے ہی دانشور تھے جن کی جائیدادیں راتوں رات بن گئیں، وہ ایسے کروڑ پتی ہوئے جیسے چائے کی پتی پانی میں ڈالنے سے پھول جاتی ہے. ڈرون حملوں کی اجازت، لال مسجد آپریشن اور اکبر بگٹی کے قتل سے دہشت گردی نے بدترین شکل اختیار کر لی. ریاست کو ایسی جنگ میں دھکیل دیا گیا جس میں دشمن اور دوست کی تمیز کرنا مشکل ہوگیا.

    نیک محمد وزیر کے ڈرون حملے میں مارے جانے کے بعد طالبان کی صفوں میں مفاد کے دھڑے الگ الگ ہو گئے! اور پھر تحریک طالبان پاکستان المعروف ٹی ٹی پی کا جنم ہوا. پھر دوسرے ممالک نے اپنے پوائنٹ آف انٹرسٹ کو دیکھتے ہوئے مسلح لسانی تنظیموں کو جہاں اسلحہ اور ٹریننگ دی وہاں ٹی ٹی پی کو بھی سپورٹ کیا، ان تنظیموں کے افراد بھی کہیں نہ کہیں پاکستان مخالف کاروائیاں کرنے والی تنظیموں میں ضم ہوتے گئے. پھر وہ کھچڑی بنی کہ کچھ بھی تعین کرنا مشکل ہوگیا. کون کیا کارروائی کر رہا ہے، کون کیسے ذمہ داری قبول کر رہا ہے، کس پر ذمہ داری ڈالی گئی ہے، اس میں کیا اور کتنا سچ کچھ پتا نہیں.
    (جاری ہے)

  • بلیک سوان اور نائن الیون – رضوان اسد خان

    بلیک سوان اور نائن الیون – رضوان اسد خان

    رضوان اسد خان جب تک آسٹریلیا میں سیاہ رنگ کے راج ہنس (بلیک سوان) دریافت نہیں ہوئے تھے، دنیا کا خیال تھا کہ ”سوانز“ صرف سفید رنگ کے ہی ہوتے ہیں اور ان کا سیاہ رنگ کا ہونا ناممکن ہے. بعینہ جب تک 9/11 کا واقعہ نہیں ہوا تھا، دنیا کا خیال تھا کہ دنیا کی واحد سپر پاور میں اس قسم کی کارروائی ناممکن ہے. 9/11 بلا مبالغہ طور پر جدید تاریخ میں ”بلیک سوان“ کی سب سے بڑی مثال کہی جا سکتی ہے.

    ”بلیک سوان“ اب ایک اصطلاح ہے جس سے مراد کوئی بھی ایسا واقعہ ہے جو قطعی غیرمتوقع ہو پر اپنے اثرات کے اعتبار سے عظیم الشان اہمیت کا حامل بن جائے. کچھ لوگ نائن الیون کا مکمل کریڈٹ/الزام القاعدہ کو دیتے ہیں، کچھ کہتے ہیں امریکہ نے خود کروایا اور تیسری تھیوری یہ ہے کہ امریکہ کو اس کی خبر مل گئی تھی (بی بی سی؛ بذریعہ سابق طالبان وزیر خارجہ وکیل احمد متوکل)، پر اس نے افغانستان اور مسلم دنیا پر چڑھائی کا بہانہ ملنے اور اس پر عالمی رائے عامہ کو اپنے حق میں کرنے کے لیے اسے ہونے دیا. (البتہ پینٹاگان اور وہائٹ ہاؤس کو بچا لیا؟) اپنی نوعیت اور پراسراریت کے لحاظ سے بھی یہ واقعہ ایک بلیک سوان ہی ہے.

    طالبان حکومت نے اس حملے کی مذمت کی. پھر بعد میں انہوں نے امریکی جارحیت پر اس کو پیشکش کی کہ ہم اسامہ بن لادن پر او آئی سی کی نگرانی میں مقدمہ چلانے کو تیار ہیں اور الزامات ثابت ہونے پر اسے کسی تیسرے ملک کے حوالے کر دیں گے یا خود سزا دیں گے.

    کیا یہ ”بلف“ تھا؟
    بش نے رعونت سے یہ پیشکش ٹھکرا دی.
    کیا صرف تکبر میں یا تحقیقات پر کچھ اور بھی سامنے آنے کا ڈر تھا؟
    بہرحال یہ ایسا بلیک سوان ہے جس کی اصل حقیقت شاید کبھی عیاں نہ ہو سکے.

    لیکن بلیک سوان کی تعریف کے دوسرے حصے پر یہ جس طرح پورا اترتا ہے، اس سے گمان ہوتا ہے کہ شاید یہ اصطلاح بنائی ہی اس کے لیے گئی تھی؛ یعنی اپنی تاثیر اور نتائج کے اعتبار سے اس کا فقید الامثال ہونا. اس کی اثر پذیری کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ تاریخ اب دنیا کو دو ادوار میں پیش کرتی ہے:
    نائن الیون سے قبل اور
    نائن الیون کے بعد

    نہ صرف عالمی تاریخ، بلکہ زندگی کے ہر شعبے کو اس واقعے نے بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر دو حصوں میں بانٹ کر رکھ دیا ہے. عالمی تعلقات، سیاست، مذہب، معاشرت، معیشت، تہذیب، ثقافت، فلسفہ، حتی کہ فقہ الواقع، اجتہاد اور جہاد پر بھی اس نے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں.
    اور بات بس یہیں تک نہیں، اس ایک بلیک سوان نے مذید کئی بلیک سوانز کو جنم دیا ہے. مثلاً
    .. اس واقعے کے بعد امریکہ میں اسلام زیادہ تیزی سے پھیلا،
    .. دنیا کی معیشت کو انتہائی غیر معمولی دھچا لگا جس کے اثرات اب تک جاری ہیں،
    .. ”وار آن ٹیرر“ نامی بلیک سوان کے ذریعے اسلام کی بنیادی تعلیمات، مثل خلافت و جہاد، کو بھی ”دہشت گردی“، ”بنیاد پرستی“، ”انتہا پسندی“، ”ریڈیکل اسلام“ اور نجانے کیا کیا قرار دے کر ان سے جان چھڑانے کی باقاعدہ مہم میڈیا اور کٹھ پتلی حکمرانوں کے ذریعے چلا کر ”ماڈریٹ اسلام“ کا دین الٰہی ٹائپ تصور پیش کیا گیا اور غامدی فکر کو پذیرائی دلائی گئی،
    .. ادھر اس سب کے رد عمل میں ”داعش“ جیسا بلیک سوان سامنے آیا جس نے بالواسطہ طور پر نادان دوست کی طرح خود اسلام، جہاد اور خلافت کے اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا.

    الغرض اس دیوہیکل بلیک سوان کے اثرات سے نکلنے کے لیے ہمیں ایک اور عظیم بلیک سوان کی ضرورت ہے، جس کی تلاش میں امت کی نظریں اس وقت شام پر لگی ہیں.