ہوم << اللہ کی رحمت کا اک اظہار ہے عورت - عطا رحمانی رام پوری

اللہ کی رحمت کا اک اظہار ہے عورت - عطا رحمانی رام پوری

اللہ کی رحمت کا اک اظہار ہے عورت
اک نسل کی اک عہد کی معمار ہے عورت
جب اپنے بھی منہ پھیر کے ہو جائیں پرائے
اس وقتِ مصیبت میں بھی غم خوار ہے عورت
یہ مریم و حورانِ بہشتی سے نہیں کم
تقوے کی ردا میں ہو تو سردار ہے عورت
اسلام میں ہر فرد برابر تو ہے لیکن
بازار اگر مرد ہے، گھر بار ہے عورت
آزادئ نسواں کو بہانہ نہ بناؤ
احمق بھی نہیں اتنی، سمجھ دار ہے عورت
تم ہی نہ سمجھ پائے اس عورت کی حقیقت
دشمن کی نگاہوں میں تو تلوار ہے عورت
ہر روپ میں عورت کے عطاؔ تم کو ملے گا
بس پیار ہے، بس پیار ہے بس پیار ہے عورت

Comments

Click here to post a comment