ہوم << یہ وقت کیا ہے؟جاوید اختر

یہ وقت کیا ہے؟جاوید اختر

(آئن سٹائن کا نظریہ اضافیت، جاوید اختر کی نظم میں)
یہ وقت کیا ہے؟
۔۔۔
کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں کہ چلتی گاڑی سے پیڑ دیکھو
تو ایسا لگتا ہے ، دوسری سمت جا رہے ہیں
مگر حقیقت میں پیڑ اپنی جگہ کھڑے ہیں
تو کیا یہ ممکن ہے ؟ ساری صدیاں قطار اندر قطار اپنی جگہ کھڑی ہوں
یہ وقت ساکت ہو
اور ہم ہی گزر رہے ہوں ؟
.
اس ایک لمحے میں سارے لمحے،
تمام صدیاں چھپی ہوئی ہوں!
نہ کوئی آئندہ نے گزشتہ
جو ہوچکا ہے وہ ہو رہا ہے
جو ہونے والا ہے ، ہو رہا ہے
میں سوچتا ہوں کہ کیا یہ ممکن ہے ؟
سچ یہ ہو کہ سفر میں ہم ہیں
گزرتے ہم ہیں
جسے سمجھتے ہیں ہم گزرتا ہے ، وہ تھما ہے
گزرتا ہے یا تھما ہوا ہے ؟
اکائی ہے یا بٹا ہوا ہے ؟
ہے منجمد یا پگھل رہا ہے؟
کسے خبر ہے ؟ کسے پتہ ہے ؟
یہ وقت کیا ہے؟

Comments

Click here to post a comment