ہوم << دستخط - عظمیٰ طور

دستخط - عظمیٰ طور

آپ نے اپنی زندگی میں بہت سے دستخط کیے ہوں گے، اگر نہیں کیے تو ضرور ہی سن رکھا ہو گا، ان میں سے ایک نہ سمجھ میں آنے والے سائن بھی ہیں __ نہیں سمجھے __ آئیے میں سمجھاتی ہوں.
جب آپ کو کوئی کاغذات دیے جاتے ہیں کہ حضور جناب اس پر دستخط کر دیجیے تو آپ کچھ سوچ بچار کے بعد ان کاغذات کو پڑھنے کے بعد ان پر اپنی رضامندی کو اپنے دستخط کے ذریعے ظاہر کرتے ہیں __ جیسے کسی زمین کے کاغذات __ آٹو گراف دیتے ہوئے کیے جانے والے دستخط __ جیسے آپ کی چیک بک __ جیسے کوئی آفیشل پیپرز __ جیسے کوئی معاہدہ __ لیکن ایک سائن ہیں جو کرتے ہوئے بےشک آپ ہزار بار سوچیں، غور کریں، خواہ کئی برس اس سائن کیے کاغذات پر جی جان لگا دیں __ سمجھ آپ کو پھر نہیں آنی __
سمجھے؟؟ نہیں سمجھے
ارے آپ کے نکاح نامے کے دستخط!
کیسے اچھے کیے تھے ناں آپ نے __ کتنی کاپیاں بھریں تھیں پریکٹس کے نام پر (حالانکہ سب ان لڈوؤں کی خوشی میں تھا جو اس خوشی میں دل میں پھوٹ رہے تھے) جی وہی دستخط __
سوچیں آج تک آپ کو ان کیے گئے تین دستخطوں کی سمجھ آئی __ نہیں ناں __
یہی تو بات ہے کہ آپ نے دستخط پہلے کیے یا بعد میں __ سمجھے آپ نہ کرنے سے پہلے تھے اور نہ کرنے کے بعد، کہ آیا اس دستخط کے بدلے آپ کو کچھ ملا ہے یا آپ نے کچھ دیا ہے _ کرنے سے پہلے اکسائٹمنٹ تھی کرنے کے بعد disappointment __ تو اسی کشمکش میں رہنے کے بعد اب آپ یہ تحریر پڑھتے ہوئے اس دن کو ذہن میں لا رہے ہوں گے کہ آیا ایسا ہی تھا کہ نہیں _
تو رہنے دیں __ ضروری نہیں کہ جو باقی سب کے ساتھ ہوا وہ آپ کے ساتھ بھی ہوا ہو _ اب چھوڑیے یہ فکر کہ دستخط کا مقصد پورا ہوا کہ نہیں بس سر کھجائیے اور نکل جائے.
اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیا چُگ گئیں کھیت

Comments

Click here to post a comment