ہوم << عقل ہے سوزِجگر - نعمان بخاری

عقل ہے سوزِجگر - نعمان بخاری

نعمان بخاری اس دنیا کے لاکھوں جانداروں میں انسان کو اشرف المخلوقات مانا جاتا ہے۔ یہ اعلیٰ مقام اس کو علم اور حکمت کی وجہ سے دیا گیا ہے۔
علم کیا ہے؟ علم معلومات اور حقائق کا جمع ہونے اور آدمی کو اس کا پتہ ہونے کا نام ہے، جبکہ حکمت اچھے اور برے کی تمیز اور صحیح فیصلہ کرنے کی صفت کو کہتے ہیں۔ علم اور حکمت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ علم کی وجہ سے حکمت حاصل ہوتی ہے اور حکمت زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنے پر اُبھارتی ہے۔ علم کی مثال اک اوزار کی سی ہے اور حکمت، اس اوزار کو استعمال کرنے کا فن، جب تک اس کو استعمال میں نہیں لایا جاتا، یہ بے کار ہے۔
حکمت علم کی معراج ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ جس کو حکمت سے نوازا گیا اس کو بہت زیادہ خیر سے نوازا گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے کہ وہ آدمی قابل رشک ہے جس کو اللہ نے حکمت سے نوازا ہو اور وہ اس پر صحیح فیصلے کرتا ہو۔ علامہ اقبال نے حکمت کو انسان کا اپنا اور کائنات کا سراغ لگانے کا ذریعہ بتایا ہے۔ البرٹ آئن سٹائن کے بقول حکمت صرف کلاس کے اندر نہیں بلکہ زندگی کے تجربات سے حاصل ہوتی ہے۔ حکمت سے آدمی کے اندر مستقبل بینی کی صلاحیت آجاتی ہے، اس کی نگاہ دور رس ہو جاتی ہے اور وہ مستقل طور پر صحیح فیصلے کرنے کا قابل ہو جاتا ہے۔
حکمت، علم کا صحیح استعمال ہے۔ اس آدمی سے بڑا بےوقوف کوئی نہیں جو تعلیم یافتہ بےوقوف ہو۔ حکمت سے عاری افراد کی مثال ”چارپائے برو کتابیں چند“ جیسی ہے کہ جانور پر کتنی ہی کتب لادیں وہ کچھ نہیں سیکھنے والا۔ ہمارے اردگرد تعلیم یافتہ تو ہزاروں ہیں مگر ذی عقل اور حکمت یافتہ آپ کو شاید چند ہی ملیں گے۔ میرا یونیورسٹی کے ”سکالرز“ کے ساتھ انٹرایکشن ہوتا ہے جب میں ان کی نامناسب اور بھونڈی عادات اور حرکتیں دیکھتا ہوں تو مجھے بڑی خفگی محسوس ہوتی ہے۔ ہمارے سوسائٹی کے اندر تعلیم یافتہ افراد کی عزت کم ہوتی جا رہی ہے، جب لوگ ان بے شعور تعلیم یافتہ افراد کو دیکھتے ہیں تو وہ صرف غلط امیدیں ہی وابستہ کریں گے۔
علم کے مقابلے میں حکمت دیرپا ہے۔ معاشرے میں ذی شعور افراد کی قدر ہوتی ہے کیونکہ وہ اچھے اخلاق اور بصیرت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حکمت خدا کی دین ہے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ معاشرے کے اندر رہتے ہوئے حاصل ہوتی ہے۔ اس لیے ہمارے تعلیم یافتہ افراد کے لیے یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ذی عقل، ذی شعور اور حکمت یافتہ ہو۔

Comments

Click here to post a comment