ہوم << نریندر مودی کا پلان اور ہمارے کرنے کا کام - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

نریندر مودی کا پلان اور ہمارے کرنے کا کام - ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

بلوچستان سے متعلق نریندر مودی صاحب کا بیان بلاشبہ دیوانے کی بڑ ہے. جہاں مودی جی کی دیوانگی کے متعلق کچھ شک نہیں وہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ دیوانہ ایک وزیراعظم بھی ہے. اور وہ بھی ایسے ملک کا جو دنیا کی چوتھی بڑی فوج رکھتا ہے، اٹیمی قوت ہے اور ماضی میں ایک ایسی ہی دھمکی کو حقیقت کا رنگ دے چکا ہے. غرضیکہ، یہ مسئلہ گھمبیر ہے.
اس کا مطلب ہے کہ بھارت نے پاکستان کو پراکسی وار کے ساتھ ساتھ پروپیگنڈا کے میدان میں کھینچنے اور زچ کرنے کا پروگرام بنا لیا ہے. اگر ایسا ہے تو جلد ہی آپ پاکستان سے تعلق رکھنے والے چند افراد کو ان کے ہاں ٹاک شوز وغیرہ میں باقاعدگی سے دیکھنے لگیں گے. بات بلوچستان تک ہی محدود نہیں، اس میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کا تذکرہ بھی ہے. ظاہر ہے، یہ بھی اتفاقیہ معاملہ نہیں. بھارت نے پاکستان کے لیے سی پیک روٹ کے آغاز اور آخری منزل، دونوں کو ’’گرم‘‘ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے. کشمیر سے توجہ ہٹانے اور پاکستان کو اس کے اندرونی تضادات میں الجھانے کا پلان ہے یہ. گیم آن ہے. پاکستان کو جلد از جلد اور عمدہ سفارتکاری سےاپنے کارڈ کھیلنا ہوں گے.
بلوچستان کے حوالہ سے ان کے کسی بیان کا جواب دینے کی ضرورت نہیں، سوا اس کے کہ یہ ہمارے اس مؤقف کی تائید ہے کہ بھارت یہاں حالات بگاڑنے میں ملوث ہے. دوسری جانب اپنا کل فوکس مقبوضہ کشمیر کے حالات کی طرف رکھا جائے اور اس میں کوئی کمی نہ آنے پائے. یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابھی تک دفتر خارجہ کا رویہ یہی ہے.
آنے والے دن بہت اہم ہیں. ہو سکتا ہے پہلا وار ضرب عضب پر کیا جائے، بلکہ وہ تو ہو بھی چکا، کوئٹہ میں. مقصد صاف ظاہر، فوج کو رگیدنا. پھر اگلے مرحلہ میں حکومت کے لیے گورنس کے مسائل بڑھانا اور تیسرے مرحلے میں عوام میں سراسیمگی پھیلانا. اس کام کے لیے میڈیا اور ’’اصول پرستی‘‘ کی بات کرنے والے لکھاری بھی استعمال ہوں گے.
بھارت نے پہلی بار للکار کر کوئی پلان جاری کیا ہے. اس کے خیال میں اس کی تیاری بہت اچھی ہے. اس کا یہ خیال غلط ثابت کرنا اس کھیل میں اس کی شہ مات تصور ہو گی. تاہم اس کے لیے ہمیں اس کے مہروں کو کھوجنا ہوگا اور اپنی چالوں کو خوب اچھی طرح تول کر کھیلنا ہوگا.
کشمیر، سی پیک اور پاکستان کے تزویراتی مستقبل کی اہم ترین بازی کی بساط نریندر دامودرداس مودی صاحب نے اپنے تئیں بچھا دی ہے اور سلطان محمود غزنوی کا بدلہ اتارنے کے لیے پے درپے چومکھی جنگ کا ایک بڑا دور شروع کرنے جا رہے ہیں !

Comments

Click here to post a comment