ہوم << ہاکی کی حالت زار - شہریار احمد سعید

ہاکی کی حالت زار - شہریار احمد سعید

شہریار سعید یوں تو پاکستان کھیل اور کھلاڑی کے اعتبار سے انتہائی خود کفیل ملک ہے. اس زرخیز مٹی نے دنیائے کھیل میں ایسے نام پیدا کیے ہیں جن کو ان کے کھیل کے اعتبار سے اس کھیل میں سب سے معتبر لسٹ یعنی ’’ہال آف فیم‘‘ میں جگہ دی گئی ہے. اور ہاں اگر کسی کھیل میں ابھی تک پاکستان نے جھنڈا نہیں گاڑا تو میرا سو فیصد یہ ماننا ہے کہ یہ کھیل ضرور حکومتی عدم توجہ کاشکار ہوگا یا اس کی راہ میں ضرور کچھ ایسے انتظامی امور حائل ہوں گے جنھوں نے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت کا لوہا نہیں منوانے دیا.
ایسے کھیلوں پر میڈیا بھی خاطر خواہ توجہ نہیں دیتا. پاکستان میں ہاکی کا کھیل کچھ ایسی ہی ستم ظریفی کا شکار ہے، میڈیا نے ہاکی کے کھیل سے ایسی نظریں ہٹائی ہیں جیسے کوئی دودھ میں سے مکھی کو نکال کر باہر پھینک دیتا ہے. ہاکی کے کھلاڑیوں کی حالت زار یہ ہے کہ انھیں ڈیلی الاؤنس تک نہیں ملتا. اس میں کوئی شک نہیں کہ گزشتہ کئی سالوں سے ہاکی فیڈریشن سنگین مالی بحران کا شکار ہے اور ہاکی ٹیم اس وجہ سے ایک نجی کمپنی کی مالی مدد کی بدولت بیرون ملک دوروں پر مجبور ہے. جب کھلاڑی کسی کھیل میں اپنا مستقبل خطرے میں دیکھتا ہے تو غالب امکان یہی ہوتا ہے کہ وہ اس کھیل کو ترک کر دیتا ہے. ہاکی کے کھیل میں اس وقت ٹیلنٹ نہ ملنے کی وجہ یہی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اس میں کوئی کشش باقی نہیں رہی. اور نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ پاکستان جو کبھی ورلڈ چیمپئن اور اولمپک چیمپئن تھا، 2016 کے ریواولمپکس میں شامل ہی نہیں.
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہاکی کے فروغ کے لیے شہروں کی سطح پر ایونٹس کروائے جائیں، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے اور اس میں سے قومی ٹیم کےلیے ٹیلنٹ تلاش کیا جائے. ان کھلاڑیون کی حوصلہ افزائی کے لیے میڈیا کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا. صرف کرکٹ کھلاڑی ہی قوم کا ہیرو نہیں ہوتا، میڈیا کو کھیلوں کی کوریج کے مابین توازن قائم کرنا ہوگا. تعلیمی ادارے بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے قومی کھیل کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کر سکتے ہیں. طلبہ کو غیرنصابی سرگرمیوں میں قابلیت کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں. تعلیمی اداروں نے غیرنصابی سرگرمیوں پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے پوشیدہ ٹیلنٹ ضائع ہو گیا. حکومت کو ہاکی فیڈریشن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہروں کی سطح پر کوچنگ اکیڈمیز کا قیام عمل میں لانا ہوگا اور وہاں کوالیفائیڈ کوچز فراہم کرنا ہوں گے تاکہ نوجوانوں کو اپنے ہنر کو مزید تراشنے کا موقع مل سکے. حکومت کھیلوں کی بحالی کے لیے فنڈز مختص کرے اور یقینی بنایا جائے کہ رقم درست جگہ پر صرف کی جائے -

Comments

Click here to post a comment