لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8، 8لا کھ روپے مالی امداد دے گی جبکہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت کا حکم دیا جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کر دی، میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے ہدایت کی کہ سانپ کاٹنے اور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں، سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، آر پی او اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے ساتھ ملکر متاثرین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑیں جبکہ ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز سے ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں، میں خود بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا اور سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
تبصرہ لکھیے