ہوم << یہ ناک کٹ ہی جائے تو بہتر ہے - الماس چیمہ

یہ ناک کٹ ہی جائے تو بہتر ہے - الماس چیمہ

جس طرح لوگوں کے فنگر پرنٹس آپس میں نہیں ملتے، ایسے ہی ناک بھی کسی سے نہیں ملتی.
ناک خوبصورت ہو تو شکل کو چار چاند لگ جاتے ہیں.
کچھ لوگوں کی ناک دیکھ کر لگتا ہے کہ رات کو حسرت سے چاند دیکھتے ہوں گے اور کہتے ہوں گے کہ کاش میرے لیے بھی چاند والا محاورہ بولا جاتا.
یقین جانیے، لفظ ناک بولنے میں بہت معصوم لگتا ہے لیکن دنیا کے سو فیصد نہ سہی تو اسی فیصد مسائل اسی میں پوشیدہ ہیں.
ہمارے محلے میں ایک سفید پوش گھرانا ہے، قرضے میں ڈوب کر بیٹی کی شادی کی تھی، عمدہ جہیز، انواع و اقسام کے کھانے، اتنے زیادہ آئٹم کہ بندہ دیکھ کر دنگ رہ جائے کہ کیا کھائے اور کیا چھوڑے، واقعی تعریف کے قابل، مگر کیا فائدہ ایسی تعریف کا، شان و شوکت کا، جو جھاگ کی طرح پل میں بیٹھ جائے،
چند ماہ بعد کافی افسردہ ملیں کہ قرض ادا نہیں ہو رہا بلکہ سود کی مد میں بڑھتا جا رہا ہے.
میں نے کہا آنٹی، اتنا زیادہ خرچہ کرنے کی ضرورت کیا تھی؟ سادگی میں بھی بیاہ ہو سکتا ہے، جتنی چادر ہو اتنے ہی پاؤں پھیلانے چاہییں.
بولیں کہ برادری میں ہماری ناک نہیں رہنی تھی، اگر دھوم دھام سے شادی نہ کرتے.
لو جی کر لو گل! بس ناک رہنی چاہیے، چاہے گھر بیچ کر سڑک پر آنے کی نوبت آ جائے.
ایک اور جاننے والی ہیں، میں نے پوچھا گیارہ بجے ہی اٹھنے کا سٹیٹس کیوں دیتی ہو، جبکہ اٹھتی تو تم پانچ بجے ہو ورنہ اماں کا جوتا چل جاتا ہے.
بولی، میری آئی ڈی میں سب ہائی کلاس لوگ ایڈ ہیں، وہ گیارہ بجے ہی اٹھتے ہیں، میں نے ناک نہیں کٹوانی، 5 بجے اٹھنے کا بتا کر.
توبہ توبہ .... ہاتھ کانوں تک جاتے جاتے رک جاتا ہے، بے ساختہ ناک چھونے کو من کرتا ہے.
پسند کی شادی میں لڑکی کو آگ لگائی جاتی ورنہ ناک کٹ جانے کا خطرہ ہوتا ہے.
بیٹی وراثت میں سے حصہ مانگ لے تو بھی ناک کٹ جاتی ہے.
لنڈے کے سویٹروں کو، ماموں لندن سے لائے تھے، کا لیبل نا لگایا جائے تو بھی ناک کٹ جاتی ہے.
مرد حقوق و فرائض ادا کرنے کے قابل ہو کر بھی دوسری شادی کرے تو بھی ناک کٹ جاتی ہے.
اس ناک کے بارے میں یہی کہنا ہے کہ یہ کٹ ہی جائے تو بہتر ہے.

ٹیگز