ہوم << پاسپورٹ کی تجدید کے لیے آن لائن درخواست کا طریق کار - ناصر علی

پاسپورٹ کی تجدید کے لیے آن لائن درخواست کا طریق کار - ناصر علی

ناصر علی حکومت پاکستان نے پاسپورٹ کی تجدید کا عمل نہایت آسان بنا دیا ہے۔ اگر آپ کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہے یا اس کے ختم ہونے میں سات یا سات سے کم مہینے باقی ہیں تو اب آپ گھر بیٹھے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ خبر بیرون ملک پاکستانیوں خصوصاً خلیجی ممالک میں رہنے والوں کے لیے کسی خوشخبری سے کم نہیں۔ اس کا طریقہ درج ذیل ہے.
درخواست دینے سے پہلے تمام متعلقہ اسناد سکین کرکے اپنے کمپیوٹر میں محفوظ کرلیں۔
ضروری متعلقہ اسناد میں ایک آپ کے قومی شناختی کارڈ کی نقل اور دوم آپ کے پرانے پاسپورٹ کے پہلے دو صفحات کی فوٹو کاپی ضروری ہے۔
(اقلیتوں کے لیے ایک تصدیق شدہ فارم اور سرکاری ملازمین کے لیے این او سی کا ہونا ضروری ہے)
تصویر کے متعلق درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں۔
تصویر کا بیک گراؤنڈ سفید ہونا ضروری ہے۔
تصویر چھ ماہ سے زیادہ پرانی نہ ہو۔
تصویر کسی ماہر فوٹو گرافر سے کھنچوائیں اور وہیں سے پرنٹ کروالیں۔
کپڑوں کا رنگ سفید نہ ہو تو بہتر ہے۔
تصویر کا سائز 35x45mm ہو۔
تصویر 5 ایم بی سے زیادہ نہ ہو۔
فارمیٹ JPG/JPEG ہو۔
عینک پہن کر تصویر نہ کھنچوائیں۔
ٹوپی یا چادر سے سر ڈھانپنے کی اجازت ہے لیکن چہرے کے ایک طرف سے دوسری طرف تک اور ٹھوڑی کے نچلے حصہ سے ماتھے تک پورا چہرا واضح نظر آنا چاہیے۔
فنگر پرنٹ:
انگلیوں کے نشانات یا فنگر پرنٹ کے لیے مخصوص فارم ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ کروا لیں۔
فارم پر دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں کے دس انگلیوں کے لیے الگ الگ خانے موجود ہیں۔ جن انگلیوں کے خانے میں NOT REQUIRED لکھا ہے، وہاں کوئی نشان نہ لگوائیں۔ صرف ان خانوں میں مخصوص چار انگلیوں کے نشانات لگوائیں جن کے فنگر پرنٹس طلب کیے گئے ہیں۔
انگلیوں کے نشانات صاف اور واضح ہوں۔ نشانات خانے کے بالکل درمیان میں اور لمبائی کے رخ پر سیدھے ہوں۔
دھندلے نشانات ریجیکٹ ہو جائیں گے۔ کاغذ پر سیاہی بھی نہ پھیلنے پائے۔
یہ عمل مکمل کرنے کے بعد فارم کو سکین کرکے کمپیوٹر میں محفوظ کر لیں۔
سکین کرتے وقت خیال رکھیں کہ آپ کے سکینر کی ریزولوشن سیٹنگ 600dpi ہو۔ فارم کے سکین شدہ فائل کو JPEG فارمیٹ میں رکھیں اور Gray Scale کا آپشن سلیکٹ کیا ہوا ہو۔
اپ لوڈ کی جانے والی فائلز کی زیادہ سے زیادہ سائز کے متعلق ہدایات۔
پاسپورٹ/ شناختی کارڈ فوٹو کاپی 1MB
فنگر پرنٹ فارم 3MB
تصویر 35x45 mm ۔ 6MB
آن لائن درخواست سے متعلق تمام معلومات ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ مزید معلومات کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔
http://onlinemrp.dgip.gov.pk

Comments

Click here to post a comment