ہوم << کیا پاکستان بھارت جنگ ٹل گئی ہے؟ عمران زاہد

کیا پاکستان بھارت جنگ ٹل گئی ہے؟ عمران زاہد

عمران زاہد جنگ ٹلی نہیں، بس طریقہ تبدیل ہوا ہے
اس وقت بھارت پاکستان کے دریاؤں کا پانی روک چکا ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں معاہدے کے مطابق ساٹھ ہزار کیوسک روزانہ پانی کے بجائے صرف چھ ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا۔ اس سے پاکستانی فصلوں کپاس، گنا اور مکئی کے تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
:
آج بھارتی وزیرِاعظم مودی نے سندھ طاس معاہدے کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس بلا لیا ہے۔ آکاش وانی نے اس اجلاس کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بینک، جو اس معاہدے کا ضامن ہے، کی رپورٹ کے مطابق اسی (۸۰) فیصد پانی پاکستان کو مل رہا ہے اور بھارت خسارے میں جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔
:
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی دریا برہماپترا چین کے علاقے سے بھارت میں آتا ہے۔ بھارت کو خوف ہے کہ ان کے کسی ایڈونچر کے جواب میں چین ان کا پانی نہ روک لے۔
:
قائدِ اعظم رح نے فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے۔ ان کے اس فرمان کی اہمیت بھارت کی اس سازش سے دوچند ہو جاتی ہے۔ پاکستان آنے والے سارے دریا کشمیر میں سے نکلتے ہیں۔ بھارت نے ہماری شاہ رگ کو دبوچ رکھا ہے۔ وہ جب چاہے خون کے بہاؤ کو منقطع کر سکتا ہے۔
:
ایسے میں پاکستان کو پانی کے مزید ذخیرے بنانے کی ضرورت ہے۔ کالاباغ ڈیم جیسے مفید ڈیم کی راہ میں جو سیاسی رکاوٹیں ہیں انہیں حکمت سے سلجھایا جانا چاہیے۔ یہ قوم کی زندگی و موت کا معاملہ ہے۔
:
علاوہ ازیں، ہتھیار باندھ کے رکھیے کہ یہ جنگ کشمیر کے لیے ہو نہ ہو، پانی کے لیے ضرور لڑنی پڑ سکتی ہے۔

Comments

Click here to post a comment