ہوم << قادیانیوں کے غیرمسلم ہونے کی منطقی و عقلی وجہ - مخدوم اطہر

قادیانیوں کے غیرمسلم ہونے کی منطقی و عقلی وجہ - مخدوم اطہر

دنیا بھر میں مذاہب اپنے اپنے نبی کی وجہ سے بنے ہیں۔ یہودی حضرت موسیٰ علیہ السلام سے قبل کے تمام انبیا کو مانتے ہیں اور خود کوحضرت موسیٰ علیہ السلام کی امت کہتے ہیں۔ اس لیے یہ ایک علیحدہ مذہب ہیں۔ عیسائی حضرت موسیٰ علیہ السلام کو بھی مانتے ہیں مگر ہم انہیں یہودی نہیں کہتے کیونکہ انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بھی نبی مان لیا۔ عیسائیت کا متفقہ عقیدہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ ا لسلام کے بعد کوئی خدائی نمائندہ نہیں آئے گا۔ اسی طرح مسلمان حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیا کو مانتے ہیں مگر انہیں یہودی یا عیسائی نہیں کہا جا سکتا کیونکہ مسلمانوں نے حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو نبی مان لیا۔ مسلمانوں کا بھی یہ متفقہ عقیدہ ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ الہ وسلم کے بعد کوئی خدائی نمائندہ نہیں آئے گا۔ اسی طرح مرزائی سب انبیائے کرام کوماننے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن انہیں مسلمان اس لیے نہیں کہا جا سکتا کیونکہ انہوں نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد مرزا غلام احمد کو نبی مان لیا۔ اب ان کا رابطہ مسلمانوں کے نبی سے کٹ کر مرزا غلام احمد سے جڑ گیا ہے، اس لیے وہ مسلمان نہیں ایک نیا مذہب ہیں جس کی بنیاد مرزا صاحب نے رکھی۔
اگر قادیانیوں کے اس دعوے کو مان لیا جائے کہ وہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو ماننے کی وجہ سے مسلمان ہیں تو پھر مسلمانوں کو عیسائی ماننا پڑے گا کیونکہ مسلمان بھی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو مانتے ہیں، اور عیسائیوں کو یہودی ماننا پڑے گا کیونکہ عیسائی بھی حضرت موسیٰ علیہ السلام کو مانتے ہیں۔ اصول یہی ہے کہ لوگ جس پیغمبر کو آخری سمجھ کر اس کی دعوت مانیں وہی ان کے دین کی شناخت ہوتا ہے۔ کسی اور دین کا نام لینے یا اس کا لبادہ اوڑھنے کی اجازت نہیں دی جاتی.
(مخدوم اطہر نیو ٹی وی میں پروڈیوسر ہیں)