باجوڑ میں جے یو آئی کی سیاسی ریلی میں خودکش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا دیا۔
دھماکے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق، جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، اتوار مورخہ 30 جولائی، سہ پہر کو جمعیت علمائے اسلام کی سیاسی ریلی، قبائلی ضلع خیبر باجوڑ کے مرکزی مقام خار میں جاری تھی، جب خودکش بمبار نے خود کو اڑا دیا ۔
زخمیوں کو فوراً خار ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال لے جایا گیا، جن میں سے 50 سے زائد افراد کی اموات ہو چکی ہے، مزید 150 سے زائد افراد تا حال موت و حیات کی کشمکش سے گزر رہے ہیں ۔ جبکہ شدید زخمی افراد کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا ۔
دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر بھی جاں بحق ہوئے۔
دھماکے میں 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، جبکہ صوبائی پولیس چیف اختر حیات خان کے مطابق حملہ آور کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جا رہا ہے۔ جلد اس کی شناخت ہو جائے گی۔ جبکہ مقامی پولیس آفیسر نذیر خان کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر اس دھماکے کے ذمہ داران کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش کے گروپ اسلامک اسٹیٹ آف خراسان سے تھا، جو 2015 سے پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے ۔
دوسری جانب پولیس 3 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کر چکی ہے۔
تبصرہ لکھیے