ہوم << چوہدری شجاعت سے رابطے بحال ہوگئے، مونس الہیٰ

چوہدری شجاعت سے رابطے بحال ہوگئے، مونس الہیٰ

لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے تصدیق کی ہے کہ چوہدری برادران کے رابطے بحال ہوگئے ہیں، اسمبلی تحلیل کے معاملے پر عمران خان کا جو حکم ہوگا اُس پر عمل کیا جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وی لاگرز سے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق تمام ابہام دور کرتے ہوئے کہا کہ یہ اٹل اور دوٹوک فیصلہ ہے عمران خان اسمبلی تحلیل کے حوالے سے جو کہیں گے وہ ہوگا اور نئے انتخابات کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں الیکشن ہی واحد حل ہے، مستقبل میں تحریک انصاف کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں البتہ کچھ لوگ شاید نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ ساتھ چلیں۔

مونس الہیٰ نے کہا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے جلسے کے بعد والد کو تبدیل پایا، وہ عمران خان کے ساتھ دیرپا اتحاد چاہتے ہیں، والد چوہدری پرویز الہی، حسین الہی اور میں مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کبھی کوئی ایسا عمل نہیں کیا جس سے عمران خان کی سیاست اور عزت پر فرق آئے، چیئرمین پی ٹی آئی ہمارے محسن ہیں اور ہمارا خاندان محسن کش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماموں شجاعت حسین سے اس دن سے نہیں ملا جس دن اسمبلی سے ملاقات کے لیے روانہ ہوا تھا البتہ اب چوہدری شجاعت اور پرویز الہی کے رابطے بحال ہوگئے ہیں۔