ہوم << داستانِ حج 1440 ھ قسط (1)‎‎ - شاہ فیصل ناصرؔ

داستانِ حج 1440 ھ قسط (1)‎‎ - شاہ فیصل ناصرؔ

خوف کہتا ہے کہ "یثرب کی طرف تنہا نہ چل"

شوق کہتا ہے کہ"تو مسلم ہے، بے با کا نہ چل"
(اقبال رح)

ہرمسلمان کی ا‍‌پنی دینی مراکز مکةالمکرمة اور مدینةالمنّورہ سے والہانہ محبت ہوتی ہے. یہ آرزو وتمنّا ہر شخص کے دل میں ہوتی ہے کہ وہ ان مقّدس مقامات کی زیارت کرکے وہاں کی برکات اور فیوض سے مستفید ہوسکے. حجازمقّدس سے مسلمانوں کی اتنی گہری محبت کیوں نہ ہوگی کہ یہ ”أُمُّ ألقُرٰى” ہے، یعنی تمام دنیا کا مرکز، یہاں اللّه تعالی کا عظیم وقدیم گھر بیت اللّه الحرام ہے، جس کی طرف روزانہ پنج وقتہ نمازمیں قبلہ رو ہونا فرض ہے. اس کے اندر بہت سی نشانیاں ہیں- كعبةمشرفه، حجراسود، ملتزم، حطيم، ركن يمانى، مقام إبراهيم ؑ ، آب زم زم اور صفا و مروه ہیں۔ یہاں ایک مقبول نماز کا اجر دنیا کے دوسری مقامات کی نسبت ایک لاکھ گنّا افضلیّت رکهتا ہے.

انسان اپنی اوسط عمر(60-50 سال)میں اگرپابندی سے پنج وقتہ نمازیں ادا کرے، پهر بھی بیت اللہ الحرام میں ادا کی گئی ایک نمازکی فضیلت کو نہیں پہنچ سکتی-
یہی فضائل اور برکات ہر مسلمان کو اپنی طرف کھینچ کر شوق زیارت میں اضافہ کرتی ‎ہے - اس لئے شریعت مطہرہ نے یہاں کی زیارت کو عبادت قرار دیا ہے، جسے”حج وعمرہ” کہتے ہیں۔ حج اسلام کا وہ اہم رکن ہے۔ جو کئی عبادات کا مجموعہ ہے۔ اس میں ہجرت کا رنگ اور جہاد کا اسلوب شامل ہے۔ مزدلفہ کی رات کی خاموش عبادت اور لاکھوں کے مجمع میں یوم عرفہ کا خطبہ شامل ہے۔ احرام کا کفن نما پوشاک اور عید کا خوش آئند لباس شامل ہے۔ وہاں آنسوؤں کی جھڑیاں بھی ہیں اور مسکراہٹوں کی کلیوں کی لڑیاں بھی۔

حج بیک وقت قلبی، قولی، بدنی اور مالی عبادات پر مشتمل ہے۔ جو عمر بھر میں ایک بار فرض کیاگیا ہے۔ حج، عبادت کے ساتھ عشق و محبت کا ایک دلچسپ سفر اور سیاحت بھی ہے، جہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک اور اقوام سے آئے ہوئے مختلف رنگ ،نسل اور زبان والے لاکھوں مسلمانوں کے اس عظیم اجتماع میں کائنات کی بہترین مقامات پر چند ایام گذرکر ناقابل فراموش یادوں کا ایک گلدستہ بناتا ہے۔ جو نہ صرف بیان کرنے والے کیلئے دلچسپی اور سرور کا باعث بنتاہے، بلکہ سننے اور پڑھنے والے بھی یکساں محظوظ ہوتے ہیں۔

الله تعالى كے خصوصی فضل وکرم سے سال 2019ء کو حجاج کرام کے قافلے میں ہمیں بھی شامل ہونے کا سعادت حاصل ہوا ۔ ادائیگی فرض کیساتھ ساتھ وہاں کےدلچسپ واقعات اور ناقابل فراموش یادداشتوں کاایک حصہ بھی اپنے ساتھ محفوظ کرکے لایاہوں، جنہیں ”داستانِ حج 1440ھ” کے نام سے اپنے ساتھیوں کیساتھ شریک کرنے کی کوشش کرتاہوں۔ہمارے سفر کا دورانیہ یکم ذی الحج 1440ھ سے 12 محرم 1441ھ بمطابق 2 اگست تا 11 ستمبر 2019ء تھا۔

Comments

Click here to post a comment