ہوم << یہ 2022 ہے، امریکہ کی بدمعاشی کا زمانہ ختم ہوا، سراج الحق

یہ 2022 ہے، امریکہ کی بدمعاشی کا زمانہ ختم ہوا، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہیں، یہ 2022 ہے، امریکا کی بدمعاشی کا زمانہ ختم ہوا۔ سراج الحق نے لاہور میں جے یو آئی یوتھ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر کے بیان کی مذمت کرتے ہیں.

دنیا اور انسانیت کے لئے امریکہ خطرناک ہے، اس نے ناگاساکی اور ہیروشیما پر ایٹمی حملہ کیا تھا، ہم امریکی خدائی اور اس کے احکامات کو مسترد کرتے ہیں، یہ 2022 ہے، امریکہ کی بدمعاشی کا زمانہ ختم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے بار بار نوجوانوں سے دھوکا کیا، ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹ بولا گیا، ہمارری اصل طاقت ایٹم بم نہیں اصل طاقت یہ نوجوان ہیں، نوجوانوں کے لئے حکومتوں کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سیاسی و معاشی دہشت گردی کے گروپس ہیں، 22 کروڑ عوام کو ان لوگوں نے یرغمال بنایا ہے.

عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کیا، یہ سفارتی گالیاں ہیں جو امریکی صدر نے ہمیں دی ہیں، یہی حکومتیں ہیں جن کی وجہ سے کے پی کے میں بد امنی ہے، صوبائی اسمبلی کے ممبران اپنے گاؤں اور بستیوں کو چھوڑ کر ایبٹ آباد میں رہنے پر مجبور ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سودی نظام ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں ہے، عدالتوں کا ایک ہی اصول ہے کہ جس کی لاٹھی اسکی بھینس، عدالتوں اور قومی اسمبلی پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا، اس ملک کا علاج صرف نظام مصطفی ﷺ ہے۔