ہوم << جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع

جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع

ڈی جی خان: جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع ہوگیا تاہم اب بھی 4 لاکھ سے زائد کھلے مقامات پر امداد کے منتظر بیٹھے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں تونسہ، ڈی جی خان اور راجن پور کے علاقوں میں دریائے سندھ میں آنیوالے سیلاب اور کوہ سلیمان کے 440 کلومیٹر طویل سلسلے سے آنیوالے بارشی پانی کے ریلوں نے شدید تباہی مچائی ہے تاہم اب متاثرہ علاقوں میں سیلاب کا پانی اترنے کے بعد امدادی سرگرمیاں اور بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے تاہم اب بھی 4 لاکھ سے زائد افراد کھلے مقامات پر بیٹھے امداد کے منتظر ہیں۔

کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان انور نے صحافیوں کو بتایا کہ کوہ سلیمان میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ بارش ہوٸی ہے اور رود کوہیوں میں زیادہ پانی آنے کی وجہ سے علاقے میں سیلاب آیا ہے تاہم بروقت اقدامات کی وجہ سے تمام بڑے شہروں کو اربن فلڈنگ سے بچا لیا گیا ہے۔ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف و بحالی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے 516 مواضعات کے 4 لاکھ لوگ اور دو لاکھ ایکڑ فصلیں متاثر ہوٸی ہیں، اب تک متاثرین میں 37 ہزار خیمے اور 40 ہزار فوڈ ہیمپرز تقسیم کٸے جاچکے ہیں۔کمشنر ڈی جی خان نے بتایا کہ سیلاب سے 44 ہزار کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے، انتظامیہ کی جانب سے مقامی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو دیگر لوگوں کو امداد پہنچا رہی ہیں۔

کمشنر ڈیرہ غازی خان محمدعثمان انور اور مقامی رہنما سردار عمر بزدار نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں چیک بھی تقسیم کٸے، تحصیل کوہ سلیمان کے 16 جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس آٹھ آٹھ لاکھ روپے کے چیک دیٸے گٸے۔ واضح رہے کہ ابھی بھی سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے سڑکوں کنارے اور محفوظ مقامات پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جب کہ اسکول بند ہونے کی وجہ سے بچوں کا تعلیمی سلسلہ بھی رکا ہوا ہے۔کوہ سلیمان میں پہلی بار لینڈنگ سلائیڈنگ شروع ہوئی ہے جس سے بستی ڈاہر کے قریب پچاس فٹ گہری جھیل بن گئی ہے۔

دوسری جانب ٹوریسٹ پولیس نے گلگت کے سیاحتی مقام اپربگروٹ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پھنسے غیرملکی اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاح کو بچاکر محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ٹوریسٹ پولیس کے اس عظیم عمل کو سراہتے ہوئے انہیں شاباشی دی اور انسانیت کے لئے کئیے گئے اس اہم اقدام کی تعریف بھی کی۔