ہوم << کراچی میں آگ سے متاثرہ سپر اسٹور کی عمارت مخدوش قرار

کراچی میں آگ سے متاثرہ سپر اسٹور کی عمارت مخدوش قرار

جیل چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ کے باعث سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دیدیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اسحاق کھوڑو نے رات گئے جیل چورنگی فلائی اوور کے قریب چیز ڈپارٹمینٹل اسٹور کا دورہ کیا.

اس موقع پر انھوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دیدیا گیا ہے، آگ کی شدت بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے عمارت کے پلر اور اسٹرکچر بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور اس وقت عمارت رہنے کے قابل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد عمارت کا ازسر نو معائنہ کیا جائیگا جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا کہ عمارت کی اصل صورتحال کیا ہے، ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا کہ عمارت کے مختلف حصوں کو توڑنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی کی وجہ سے عمارت کے اہم حصے شدید متاثر ہوگئے ہیں۔گزشتہ روز جیل چورنگی پر واقع 15 منزلہ رہائشی عمارت کے فرسٹ اور گراؤنڈ فلور پر سپر اسٹور میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آگ سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں آگ لگی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی جبکہ عملے کی مدد سے لوگوں کو عمارت سے باہر نکالا۔قبل ازیں ریسکیو حکام نے سپر اسٹور میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا تھا جبکہ 21 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

ٹیگز