ہوم << خبردار! آپ کے موبائل فون کی بیٹری پھٹ سکتی ہے - معظم معین

خبردار! آپ کے موبائل فون کی بیٹری پھٹ سکتی ہے - معظم معین

معظم معین ا یقیناً آج کل آپ سام سنگ کے نئے اسمارٹ فون Note 7 کے متعلق سن رہے ہوں گے۔ خبروں کے مطابق اس نئے موبائل فون کی بیٹری میں مبینہ خرابی کے باعث دھماکے سے پھٹنے کے واقعات وقوع پذیر ہوئے جس کے بعد سام سنگ نے اپنے نئے فون کی پیداوار ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس نئے فون کی بیٹری کے پھٹنے کے سو کے لگ بھگ واقعات موصول ہوئے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے سے کمپنی کو سولہ ارب امریکی ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
آج کے دور میں ہر کسی کا موبائل فون سے دن رات کا ساتھ ہے۔ سوتے جاگتے، چلتے پھرتے، ہر وقت موبائل ہمارے ساتھ ہوتا ہے۔ گھر سے نکلتے وقت ہمارے لیے کپڑوں کے بعد سب سے ضروری چیز موبائل فون ہے۔‪ ‬خود ہم اسمارٹ ہوں یا نہ ہوں، موبائل فون ہمارے پاس اسمارٹ ہی ہوتا ہے۔ ایسے میں ہمیں اس بات کا علم ہونا بھی ضروری ہے کہ اس آلے میں ہمارے لیے کیا کیا خطرات پوشیدہ ہیں۔
موبائل فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ میں استعمال ہونے والی بیٹریاں عام طور پر لیتھیم آئن بیٹریاں ہوتی ہیں۔ لیتھیم کو اس کے کم وزن ہونے کے باعث ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ ہر موبائل کمپنی کم سے کم وزن کا موبائل بنانا چاہتی ہے۔‪‬گاڑیوں اور گھروں کے یو پی ایس وغیرہ میں استعمال ہونے والی بیٹریاں لیڈ ایسڈ ‪(Lead acid)‬ بیٹریاں ہوتی ہیں۔ لیتھیم‪ ‬آئن بیٹری عام ‪ (Lead acid)‬ بیٹری کی نسبت چھ گنا کم وزن پر اس جتنی تونائی فراہم کرتی ہے۔‪ ‬یہی وجہ ہے کہ تقریبا ہر موبائل فون، لیپ ٹاپ‪ ‬اور ٹیبلٹ وغیرہ کے لیے یہ کپنیوں کی پسندیدہ ترین بیٹری ہے۔‪ اس میں چارج بھی زیادہ محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اس کی عمر بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ‬عام طور پر لیتھیم آئن بیٹریوں کی عمر دو سے چار سال بتائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ چارجنگ سائیکل سے بھی ان کی عمر ماپی جاتی ہے۔ ایک چارجنگ سائیکل کا مطلب ایک دفعہ مکمل چارج ہونے کے بعد مکمل ڈس چارج ہونا ہے۔ یوں ان کی عمر کا تخمینہ پانچ سو سائیکل تک لگایا جاتا ہے۔
‪ ‬
لیتھیم بیٹری کس طرح کام کرتی ہے؟
ہر پیٹری میں دو الیکٹروڈ (بجلی کے موصل) ہوتے ہیں۔ ایک الیکٹروڈ پر مثبت چارج ہوتا ہے اور وہ کیتھوڈ کہلاتا ہے۔ کیتھوڈ لیتھیم سے بنا ہوتا ہے‪.‬ دوسرے الیکٹروڈ پر منفی چارج ہوتا ہے اور وہ اینوڈ کہلاتا ہے.‪ ‬یہ کاربن کا بنا ہوتا ہے۔
چارجنگ کے دوران لیتھیم آئن مثبت الیکٹروڈ سے منفی الیکٹروڈ کی طرف منتقل ہوتے ہیں۔ جب بیٹری استعمال میں ہوتی ہے تب لیتھیم آئن مخالف سمت میں چلتے ہیں یعنی منفی سے مثبت کی طرف۔ کیتھوڈ اور اینوڈ کو کسی صورت آپس میں نہیں ٹکرانا چاہیے‪ ‬اس کے لیے دونوں الیکٹروڈز کے درمیان ایک باریک جھلی ‪ (Separator)‬لگی ہوتی ہے۔‪ ‬اس باریک جھلی ‪ ‬پر انتہائی چھوٹے چھوٹے خوردبینی سوراخ ہوتے ہیں تاکہ ان میں سے آئن گزر سکیں۔‪ ‬اگر کسی وجہ سے یہ جھلی ‬پھٹ‪ ‬جائے تو مثبت اور منفی الیکٹروڈ باہم مل جائیں گے اور سپارک پیدا ہوگا‪ ‬جسے ہم شارٹ سرکٹ ہونا کہتے ہیں۔ ان دونوں الیکٹروڈز کے درمیان ایک کیمیکل ہوتا ہے جسے الیکٹرولائٹ کہتے ہیں۔‪ ‬
‪ ‬
موبائل اور دیگر آلات کی بیٹریوں کے پھٹنے کی بڑی وجہ اس باریک جھلی کا کسی وجہ سے پنکچر ہو جانا یا بیٹری کا انتہائی گرم ہو جانا ہے۔‪ ‬ایسا عموما بیٹری کی چارجنگ کے دوران ہو‪ ‬سکتا ہے۔‪ ‬یہی ہوا سام سنگ کے نئے موبائل ‪Note 7‬ کے ساتھ۔ چارجنگ کے دوران زیادہ گرم ہونے کے باعث اس کی بیٹری میں شارٹ سرکٹنگ ہونے لگتی اور وہ آگ پکڑ لیتی، گو کہ ایسے صرف چند واقعات سامنے آئے مگر میڈیا اور عوام کے دباؤ کے باعث کمپنی کو اپنے نئے نویلے موبائل ماڈل کی پیداوار نہ صرف منسوخ کرنی پڑی‪ ‬بلکہ پہلے سے ترسیل شدہ یونٹس بھی واپس منگوانا پڑے۔
بیٹری کے دھماکوں سے بچاؤ کے اقدامات
بیٹری تو کسی کی بھی دھماکے سے پھٹ سکتی ہے، ہمارا مطلب ہے کسی کے بھی موبائل کی بیٹری،مگر چند ضروری احتیاطیں اپنا کر بیٹری کے دھماکوں جیسے واقعات سے بچا جا سکتا ہے۔
· سب سے ضروری چیر غیر معیاری بیٹریوں سے اجتناب ہے۔ ہمیشہ اچھی اور اصل بیٹری‪ ‬اور چارجر استعمال کرنے چاہییں۔
· کٹی پھٹی بیٹری استعمال نہ کریں۔
· اگر آپ دیکھیں کہ چارجنگ کے دوران بیٹری انتہائی گرم ہو رہی ہے تو فوراْ چارجنگ روک دیں اور بیٹری کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں۔
· چارجنگ مکمل ہونے کے بعد جتنی جلدی ہو سکے موبائل یا ٹیبلٹ کو چارجنگ سے اتار لیں۔
· بہتر ہے کہ چارجنگ کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں۔
· کوشش کریں کہ چارجنگ کرتے وقت موبائل یا لیپ ٹاپ بیڈ پر یا خصوصاْ تکیے کے نیچے نہ ہو۔
· بیٹری کو گیلا ہونے سے بچائیں۔

Comments

Click here to post a comment