ہوم << ہاں میں حسینی ہوں - نوفل ربانی

ہاں میں حسینی ہوں - نوفل ربانی

نوفل ربانی سلسلہ شہادت محرم جس کی ابتداء سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ سے ہوتی ہے وہ دس محرم کو سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ تک پہنچتی ہے.
صحابہ واہل بیت کے واقعات ہمارے لیے مشعل راہ، نشان منزل اور تعین سمت، درستگی لائحہ عمل اور بڑھوتری ایمان کا ذریعہ ہیں.
سوال ہوتا ہے کہ تاریخ کی گرد میں واقعہ کربلاء سے متعلق اعتقاد کی صحیح علمیت کیا ہے؟
مجھے تو یہ سمجھ آتی ہے کہ یزید کے مقابل سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کا اسوہ ہی راہ حق ہے، اس لیے میں تو یہ اعتقاد رکھتا ہوں کہ واقعہ کربلاء کے تناظر میں ہم حسینی ہیں اور جو عقیدہ سیدنا کا تھا وہی ہمارا بھی ہے، فقط یہ اعتقاد رکھنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ قرآن مقدس ہمارے لیے معیار ایمان صحابہ کو قرار دیتا ہے، [pullquote]فآمنو بمثل ماآمنتم[/pullquote] اس سے آگے بڑھنا ضروری نہیں سمجھتا
ساری کائنات یزید ہوجائے تو بھی سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی خاک پا تک نہیں پہنچتی
سیدنا حسین جس نے رسول عربی ﷺ کی زبان چوسی
سیدنا حسین جس نے نانا ﷺ کے کندھوں پر سواری کی
سیدنا حسین جو محمد عربی ﷺ کی گودی میں کھیلے
سیدنا حسین جن کے لیے امام الانبیاء ﷺ نے نماز میں سجدہ طویل کیا
سیدنا حسین جن کے لیے عرش اعظمﷺ کے مہمان نے خطبہ موقوف کیا
سیدنا حسین جن کو حبیب خداﷺ نے خود ہاتھوں سے کھلایا پلایا
سیدنا حسین جو جنت کی الاٹ منٹ اصدق الصادقینﷺ سے لے چکے ہوں
سیدنا حسین جو نبی کریمﷺ کی خوشبو ہوں
سیدنا حسین جن کو مال کی میل (صدقہ) خود رسولﷺ نے نہ کھانے دی ہو
سیدنا حسین جو سینہ اطہرﷺ الم نشرح لک صدرک کے ساتھ چمٹا ہے
سیدنا حسین جس نے مہر نبوت ﷺ والی پشت پر سیر کی ہے
ایسے سیدنا حسین پر کسی غیر صحابی کو ترجیح تو دور کی بات، برابری بھی ناجائز اور بداعتقادی سمجھتا ہوں. یزید کو متقی، پرہیزگار، عالم، فاضل، مجاہد، غوث، قطب، ابدال، محدث، فقیہ، سلطان عادل، ولی، سب مان بھی لوں تو بھی سیدنا حسین کی اس ایک نظر کے برابر جو اس نے رخ مصطفی ﷺ پر ڈالی ہے اس ایک نظر کے برابر بھی نہیں سمجھتا.
ارے بابا معلوم ہے سیدنا حسین کون ہیں؟ ہم غلامان امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشاء، تہجد، چاشت، اوابین، تحیۃ المسجد و وضو، تراویح، قیام اللیل،
دعائیں، نوافل، وظائف و اذکار اس وقت تک مکمل ہی نہیں ہوتے جب تک سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کو خراج تحسین نہ پیش کردیں جب تک سیدنا حسین رضی اللہ عنہ پر سلامتی نہ بھیج دیں
جی ہاں!
خود یزید بھی جب تک سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ پر سلامتی نہ بھیج دے، ان کے لیے دعا نہ کردے، اس کی بھی عبادت مکمل نہیں ہوتی.
ارے!
یزید تو یزید خود حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اور دیگر صحابہ کرام بلکہ مہاجر و انصار خود علی رضی اللہ عنہ و فاطمہ سلام اللہ علیھا، عشرہ مبشرہ، خلفائے راشدین سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ پر سلامتی نہ بھیج دیں، عبادت کی تکمیل ہی نہیں ہوتی.
کیونکہ درود شریف ہر عبادت کی تکمیل ہے اور سرکار نے جو درود شریف سکھایا پڑھایا وہ ہے درود ابراہیمی، نماز والا درود
[pullquote]اللھم صل علی محمد وعلی آل محمد [/pullquote] آل محمد ﷺ میں کیا حسین نہیں ہے؟
مصداق اول اہل بیت ہیں اور پھر جمیع فرمانبردار مسلمان،
اسی لیے کہتا ہوں کہ میں حسینی ہوں، حضرت امیر معاویہ کو بھی مانتا ہوں کیونکہ سیدنا حسین بھی مانتے تھے
میں حسینی ہوں
ہاں
میں حسینی ہوں