ہوم << چلنا کیوں ضروری ہے؟ محمد جنید اعوان

چلنا کیوں ضروری ہے؟ محمد جنید اعوان

جنید اعوان کیا آپ نے کبھی سوچا کہ آپ کے جسم کے ساتھ کیا ہوتا ہے جب آپ چلنا شروع کرتے ہیں؟؟
ذیل میں اس حیران کن اور مسلسل عمل درعمل کے ایک ایک منٹ کی تفصیل ہے جو کہ چلنے اور ورزش کرنے سے آپ کے جسم پر ہوتا ہے۔ یہ واقعی حیران کن ہے۔
1سے 5 منٹ
آپ کے ابتدائی چند قدم آپ کے خلیوں میں توانائی پیدا کرنے اور خارج کرنے والے مادے کو متحرک کر دیتے ہیں تاکہ آپ بہتر انداز میں چل سکیں۔ آپ کے دل کی دھڑکن ہر منٹ میں 70 سے 100 دھڑکن تک پہنچ جاتی ہے۔ خون کی روانی تیز ہوجاتی ہے اور پٹھوں میں حرارت پیدا ہوتی ہے۔جوڑ ایک سیال مادہ خارج کرتے ہیں جو حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے علاوہ ہر قسم کے کھچاؤ کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ مسلسل حرکت کے دوران میں آپ کا جسم ایک منٹ میں 5 کیلوریز استعمال کرتا ہے جبکہ آرا م کی حالت میں 1 منٹ میں صرف 1 کیلوری استعمال ہوتی ہے۔ آپ کے جسم کو مزید ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ اسے کاربوہائیڈریٹ اور چربی کے ذخیرے سے حاصل کرتا ہے۔
6 سے 10 منٹ
دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور جیسے جیسے آپ رفتار پکڑتے ہیں تو آپ ایک منٹ میں 6 کیلوریز جلانے لگتے ہیں۔ بلڈ پریشر میں معمولی سا اضافہ ہوتا ہے لیکن ساتھ ہی ایسا کیمیائی مادہ بھی خارج ہوتا ہے جو خون کی نالیوں کو پھیلا دیتا ہے۔ اس طرح کام کرنے والے پٹھوں کو زیادہ خون اور آکسیجن ملتی ہے۔
11 سے 20 منٹ
آپ کے جسم کا درجہ حرارت بڑھنے لگتا ہے اور آپ کا پسینہ نکلنے لگتا ہے۔ جیسے جیسے آپ کے چلنے کی رفتار میں اضافہ ہوتا ہے، آپ ایک منٹ میں 7 کیلوریز جلاتے ہیں اور سانس مزید پھول جاتا ہے۔ ایپی نفرین (Epinephrine) اور گلوکاگون(Glucagon) بڑھ جاتے ہیں جو کہ پٹھوں کے لیے ایندھن فراہم کرتے ہیں۔
21 سے 45 منٹ
اپنے آپ کو تروتازہ محسوس کرتے ہوئے آپ پرسکون ہونے لگتے ہیں جیسے کہ آپ کے جسم سے ٹینشن خارج ہوگئی ہو۔ آپ کے دماغ کو کیمیائی مادہ اینڈورفن (Endorphin) میسر آتا ہے اور نہایت خوشگوار محسوس ہوتا ہے۔ جوں جوں زیادہ چربی پگھلتی ہے، چربی جمع کرنے والی انسولین کم ہونے لگتی ہے۔ ہر اس فرد کے لیے جو جس کا وزن زیادہ ہے اور جو ذیابیطیس کامریض ہے، یہ ایک نہایت اچھی خبر ہے۔
46 سے 50 منٹ
آپ کے پٹھے شاید تھکاوٹ محسوس کریں کیونکہ کاربوہائیڈریٹس کے ذخیرے میں کمی واقع ہوگئی ہے۔ جیسے جیسے آپ کا جسم ٹھنڈا ہونے لگتا ہے، آپ کے دل کی دھڑکن اور سانس کی رفتار کم ہونے لگتی ہے۔ اب آپ چند کیلوریز جلاتے ہیں تاہم یہ کیلوریز جلانا ابھی بھی اس سے زیادہ ہے جو کہ ورزش کے آغاز کے وقت تھا۔آپ کے جسم کی کیلوریز کا جلنا مزید ایک گھنٹے تک معمول کی حالت سے زیادہ ہوتا ہے۔
انسانی جسم حیران کن ہے۔ یہ سب کچھ ہماری کسی بھی شعوری کوشش اور خیال کے بغیر ہوتا ہے۔
خوش رہیں۔ تندرست رہیں۔