ہوم << تحریر کےلیے مواد کی تلاش اور انتخاب - ملا زادہ

تحریر کےلیے مواد کی تلاش اور انتخاب - ملا زادہ

تحریر لکھنا گویاکہ اپنے خاطر کے قرطاس کو لوگوں کے ساتھ شریک کرنا ہے، اور ان کے سامنے اپنے دل کے صفحات کھولنے ہیں۔ خالی صفحات اور بے ربط بے تحقیق قرطاس میں کوئی لچسپی نہیں رکھتا اور نہ ہی اسے نظر عنایت سے دیکھا جاتا ہے، بلکہ ایسے صفحات سے روگردانی اور بیزاری ظاہر کی جاتی ہے۔ مناسب ہے کہ پہلے اپنے خاطر کے قرطاس کو تحقیقی مواد سے مزین کیا جائے تاکہ قلم کی روانی اثر خیز ہو۔

تحریر لکھنے کے لیے مواد کو جمع کرنے کے کئی طریقے ہیں جن سے تحریر میں جان اور اثر پیدا ہوتا ہے۔

میری حتی الوسع کوشش یہ ہوتی ہے کہ تحریر سے پہلے موضوع کا تعین کرتا ہوں، پھر اسی موضوع کے مختلف کتب کا مطالعہ کرتا ہوں۔ حاصل مطالعہ کو ذہن کے دریچوں میں قید کر کے انٹرنیٹ کے دنیا میں قدم رکھ دیتا ہوں۔

آج کل تو ہر موضوع پر مختلف اسکالرز کے بیانات اور مختلف ادیبوں کے ادب کے شہہ پارے اور قلم کاروں کے مضامین انٹرنیٹ پر آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں۔ ان کو بنظر غائر مطالعہ کرتا ہوں۔

جب موضوع پر مکمل تحقیق اور اطمینان حاصل ہو جاتا ہے۔ تو ان متفرق مضامین اور کتب کے حاصل مطالعہ کو ترتیب دینے کےلیے ذہن کے سپرد کرتا ہے، پھر اسے اپنے الفاظ کے قالب میں ڈال کر قارئین کے سامنے پیش کرتا ہوں۔

اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ تحریر میں تحقیق کی روح اور ادب کی چاشنی آجاتی ہے جو قاری کو مؤثر کر کے آپ کی آواز اور آپ کے مدعا کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا دیتا ہے۔ جس کی وجہ سے آپ اپنے منزل اور اپنی مقصود کو بآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔