ہوم << گھریلو کاموں میں دلچسپی کا راز - ام سائح

گھریلو کاموں میں دلچسپی کا راز - ام سائح

سارہ صبح سے لگی ہوئی ہو، اپنے کمرے کی صفائی تک تم سے نہیں ہوتی، آپی تمہاری دو دن کے لیے آئی ہے، بجائے آرام دینے کے ان سے ہی پورا گھر صاف کرواؤگی. امی نے اچھا خاصا جھاڑ دیا.
امی کر تو رہی ہوں، اپنے کمرے کی صفائی میں لگے ہوئے دیکھ ہی نہیں پائی کہ آپی لاؤنج اور کچن کی صفائی کے بعد کھانا پکانے میں مصروف ہیں، اور میرا حال یہ تھا کہ ایک اپنے کمرے کی صفائی میں آدھا دن گزار دیا، امی کے ڈانٹنے پر احساس ہوا کہ جاکر ان کا ہاتھ ہی بٹا لوں، کچن جاکر دیکھا تو دل باغ باغ ہو گیا، آپی نے تو کھانا پکانے کے ساتھ کچن بھی چمکا دیا تھا، آپی! یہ آپ کیا پڑھتی رہتی ہیں اور کون سی جادو کی چھڑی ہے جو گھماتی ہیں تو جھٹ سے سارے کام ہو جاتے ہیں.
سارہ! پہلے میں بھی تمہاری طرح سارا دن کام میں گزار دیتی تھی، پر کام ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا تھا، چلو فریش ہو لیں بعد میں سکون سے بیٹھ کر بتاتی ہوں. تھوڑی دیر بعد دونوں بہنیں ساتھ بیٹھیں تو آپی نے کہا، اب سنو میں کیسے سارے کام خوش دلی سے بغیر تھکاوٹ کے کرلیتی ہوں، ایک دن میں قرآن پاک کی سورہ الاسراء تلاوت کے دوران اس آیت پر پہنچی
وان من شيء إلا يسبح بحمده ولكن لا تفقھون تسبيحھم؛
ترجمہ اور نہیں ہے کوئی چیز مگر اس کی تعریف کے ساتھ تسبیح بیان کر رہی ہے لیکن تم ان کی تسبیح نہیں سمجھتے.
اس آیت نے مجھ پر سوچ کے نئے در وا کردیے میں پورا دن اس آیت کے پر غور کرتی رہی کہ کائنات کی ہر شے اللہ کی تسبیح بیان کرتی ہے، پھر جب صفائی کرنے لگی تو یوں محسوس ہورہا تھا کہ یہ میز صوفے دیواریں ہر چیز تسبیح کر رہی ہے، اور مجھے لگا ان کو یہ دھول مٹی ناگوار گزر رہی ہوگی، اللہ تبارک و تعالٰی کی تقدیس بیان کرتے ہوئے، اور میرا ہاتھ غیر ارادی ہر چیز کو صاف کرتا گیا یہاں تک کہ کھانا بناتے ہوئے مصالحہ جات کے ڈبوں اور کچن کبینٹ بھی ساتھ ساتھ صاف ہوگئے، اس دن بہت سارا کام کیا اور تھکن بھی محسوس نہیں ہوئی اور جہاں تک تمھارا یہ سوال کہ کام کے وقت کیا پڑھتی رہتی ہیں، تمہیں یاد ہے نا جب خاتون جنت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اپنے گھر کے کاموں کے لیے خادمہ کی درخواست کرنے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی خدمت اقدس میں تشریف لائیں تو انھوں نے خادمہ کے بجائے ان کو یہ تسبیحات سبحان اللہ 33بار، الحمدللہ33بار، اور اللہ اکبر 34بار پڑھنے کو کہا، اس کے بعد کبھی ان کو پریشانی نہ ہوئی کیونکہ ان کو ایک نسخہ کارگر مل گیا تھا، بالکل اسی طرح میں بھی کام کرتی ہوں تو ساتھ ساتھ یہی کلمات پڑھتی ہوں، کام وقت پر ہوجاتے ہیں، اور مجھے اپنے چڑچڑے پن سے بھی نجات مل گئی.
شکریہ آپی! آپ نے تو میرا مسئلہ ہی حل کردیا. میں نے تو کبھی سوچا ہی نہیں تھا اور اٹھتے ہوئے رخ جھاڑن اٹھانے کی طرف اور نظر کمرے کے کونے کے جالے کی طرف تھا.

Comments

Click here to post a comment