ہوم << عمران خان، اپنی ناکامی کی وجہ خود ہیں - عبید اللہ عابد

عمران خان، اپنی ناکامی کی وجہ خود ہیں - عبید اللہ عابد

عبید اللہ عابددس لاکھ کا مجمع اکٹھا کرنے کا دعویٰ کرنے والے عمران خان اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ انھیں سپریم کورٹ نے ایک راستہ دے دیا ورنہ وہ بڑی مشکل میں پھنس گئے تھے۔ دس لاکھ افراد تو بہت بڑی بات ہے، بمشکل دس ہزار افراد بھی ان کی مدد کو نہ پہنچ سکتے۔ ہو سکتا ہے کئی روز سے بنی گالہ میں بیٹھے ہوئے شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، علیم خان وغیرھم اپنے چئیرمین سے کہہ رہے ہوں کہ ان کے”لاکھوں“ ساتھیوں کو حکومت پنجاب نے اسلام آباد آنے نہیں دیا۔ تاہم یہ حقیقت نہیں ہے۔ گزشتہ دھرنے میں بھی مذکورہ بالا رہنماؤں سمیت پارٹی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز دیے گئے اہداف کے مطابق لوگوں کو اکٹھا کرنے میں‌ ناکام رہے، اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ اگر یہ کہہ دیا جائے کہ انھوں نے لوگ اکٹھے کرنے کی کوشش ہی نہیں کی تو غلط نہ ہوگا۔ عمران خان کو ناکامیوں سے دوچار کرنے والے یہی لوگ ہیں۔ عمران خان کو ان کھوٹے سکوں کی پہچان نہیں ہورہی ہے۔ پتہ نہیں انھوں نے کیا سوچ کے انھیں اپنی جیب میں رکھا ہوا ہے۔ یہ بازار میں چلنے والے نہیں ہیں۔ کیا یہ سوال اہم نہیں ہے کہ شاہ محمود قریشی کے لاکھوں حامیوں نے باہر نکلنے کے لیے کوشش کیوں نہ کی؟ جہانگیر ترین کے لاکھوں حامی کدھر رہے؟ علیم خان کے لاکھوں حامی کیا ہوئے؟ ارے بھائی! جب ایم این ایز اور ایم پی ایز ہی اہداف حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے تو عمران خان کیا کریں گے بے چارے؟
عمران خان بذات خود اپنی ناکامیوں‌کی ایک وجہ ہیں۔ مصیبت یہ بھی ہے کہ عمران خان اپنی غلطیوں کی نشاندہی کو بھی قبول نہیں کرتے اور اپنے دوستوں کو بھی قابل احتساب نہیں سمجھتے۔ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ عمران خان میڈیا لور ہیں۔ اس قدر تیزی سے بولتے ہیں‌کہ سوچ ہی نہیں پاتے کہ وہ کیا بول رہے ہیں۔ تحریک انصاف میں‌ پارٹی سٹرکچر نہیں ہے اگرچہ عمران دنیا کو باور کراتے ہیں کہ ان کی پارٹی جدید اور غیر روایتی ہے۔
دیگر اسباب میں سے ایک مسئلہ جہانگیر ترین ہیں جنھیں سیاست کی کچھ سوجھ بوجھ نہیں ہے لیکن عمران خان ان کے قابو میں ہیں۔ دوسرا مسئلہ علیم خان جنھیں سیاست کی الف ب نہیں معلوم لیکن عمران خان ان کے بھی قابو میں ہیں۔ پرویزخٹک جیسا بوڑھا شخص بھی عمران خان کی ناکامیوں‌کا ذمہ دار ہے جو جہانگیر ترین کے قبضے میں ہے۔ اقربا پروری بھی تحریک انصاف کا بڑا مسئلہ ہے، کراچی سے خیبر تک ہر جگہ اقربا پروری موجزن ہے۔ عمران کی ناکامیوں کا ایک سبب ریٹائرڈ جرنیل ہیں جو اپنے احمقانہ خواب عمران کو بیچ دیتے ہیں۔
اب بھلا کوئی یہ بتا دے کہ ان اسباب کی دلدل سے عمران خان کا نکلنا ممکن ہے، جب وہ خود ہی نہ نکلنا چاہیں۔

Comments

Click here to post a comment