ہوم << چور بھاگ رہا ہے - عمران زاہد

چور بھاگ رہا ہے - عمران زاہد

اکبر ایس بابر نامی ایک فرد ،جو تحریک انصاف کا بانی ممبر بھی ہے لیکن آج کل دربدر ہے، نے پچھلے سال 2015 میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک درخواست جمع کروائی، جس میں تحریکِ انصاف کے فنڈز میں گھپلوں کی نشاندہی کی اور کمیشن سے اس کا جائزہ لینے کی استدعا کی۔ اپنی درخواست کے ساتھ انہوں نے کچھ دستاویزی ثبوت بھی جمع کروائے۔
:
پی ٹی آئی کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی دستاویزات کو غلط ثابت کرنے کے لیے بھرپور دلائل پیش کیے۔ اخبارات میں وہ دلائل بھی شائع ہوتے رہے ہیں۔ کافی سماعتوں کے بعد پچھلے سال آٹھ اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے ان دلائل کو رد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے فنڈز کی تفصیلی پڑتال کرنے کا حکم دے دیا۔
:
تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر بہت چیں بچیں ہوئی۔ اس فیصلے کے خلاف تحریکِ انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک رٹ دائر کر دی۔ اس رٹ میں تحریک انصاف نے نہ صرف الیکشن کمیشن کی کارروائی کو رکوانے کی استدعا کی بلکہ الیکشن کمیشن کے پارٹی فنڈز کی پڑتال کرنے کے اختیار کو ہی چیلنج کر دیا۔
:
پی ٹی آئی کے وکلاء کے روایتی تاخیری حربوں کی وجہ سے اس کیس کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس کی اگلی سماعت انتیس نومبر کو طے کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے یکم دسمبر تک اس کیس پہ مزید کاروائی کو ملتوی کر دیا ہے۔
:
اکبر ایس بابر نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عمران خان نے خود کو قوم کے سامنے احتساب کے لئے پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور دوسری طرف وہ الیکشن کمیشن کے حسابات کی پڑتال کرنے کے قانونی اختیار کے ہی مخالف ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے اس موقف کو کرپشن کے خلاف دہرے معیار سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے عمران خان صاحب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے حسابات شفاف ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کے زیرِ اہتمام پارٹی حسابات کے فرانزک آڈٹ کو ہونے دیں۔
:
مجھے یہ ساری کہانی آج ٹی وی پر عمران خان کے ایک بیان کو سن کر یاد آ گئی، جس میں وہ ایک عزم اور یقین سے فرما رہے تھے کہ اگر میاں نواز شریف چور نہیں ہے تو اسے تلاشی دینے میں کیا حرج ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے فیصلہ سنانے کے انداز میں کہا کہ وہ چور ہے اسی لئے اپنے حسابات کی جانچ کروانے سے بھاگ رہا ہے۔
:
میں یہاں پر عمران خان صاحب سے سو فیصد متفق ہوں کہ چور اپنے حسابات کی جانچ پڑتال سے بھاگ رہا ہے۔
:
پاکستان زندہ باد
کرپشن مردہ باد

Comments

Click here to post a comment