کراچی کا لفظ سنتے ہی غالبا زہنوں میں گہما گہمی ،ہوٹلوں پر رونقیں،گنجان آبادی،تنگ گلیاں،روڈوں کے کناروں پر فوڈ کارڈ کے بھر مار،آتے ہیں۔ مرطوب فضا ،گرم ہوائیں،وقفے وقفے سے چلتی خنک و ہلکی ہوائیں،کراچی کے موسم کو نہایت رنگین ،فرحت بخش بنا دیتی ہے۔
زندگی کے پچھلے تیرہ سال کراچی میں کاٹ چکی ہے۔اب پرانی یادوں کو کھرچ کھرچ کر تازہ کر رہا ہوں۔اب بھی راتیں ہوٹلوں پر چاے کی چسکیاں لیتے گزار دیتا ہوں۔
صدر ریگل چوک پر دونوں اطراف میں سجائی ہوئی پرانی کتابیں ،بیت المکرم مسجد کے کنارے سجائی ہوئی سکینڈ ہینڈ کتابیں اب بھی خریدنے جاتا ہوں۔ کتاب خانوں،سمندر کنارے، دوستوں کے بیٹھکوں پر اب بھی بیٹھتا ہوں۔
یہ کراچی ہے۔اور کیا بتاوں؟کیا لکھوں؟
بریانی اففف طرح طرح کے مسالے دار ،چٹخارے بریانی ،بریانی کے بغیر تو کراچی ادھورا ہے۔ لیکن جہاں بھی جاوں کراچی کی چاے مجھے شدید یاد آتی ہے۔ جب بھی طبیعت پر اُداسی چھا جاتی تھی کراچی کی راتیں،ہوٹلوں پر بیٹھے چاے پینے کی عادت آنکھوں کے سامنے یاد بن کر مجسم ہوتی یوں اداس طبیعت نہایت مغموم ہوجاتی۔
اب بھی تدریس سے طبیعت مضمحل ہوجاے،یا مطالعے سے دل و دماغ بوجھل ہوجاے دوستوں کے غول کے غول چاے کےلیے ہوٹلوں کا رُخ کرتے ہیں۔یہی حسن کراچی کے علاوہ دوسرے شہروں میں ہے نہ کسی اور ملک میں۔
رات کا کوئی بھی وقت ہو یہاں کے کیفوں ،ہوٹلوں،چاے خانوں پر اُداس چہروں،منچلے لڑکوں،ادب و شاعری کے دلداہ لوگوں کا اک جمِ غفیر ہمیشہ نظر آتے ہیں۔ لیکن اس حُسن و خوبی کے ساتھ ساتھ کچھ پہلو نہایت ہی ناگفتہ بہ ہیں۔
جہاں بھی کوئی خالی جگہ ہو کچروں کا ڈھیر ،نہ گلیاں اس سے محفوظ ہیں نہ سڑکیں۔ بدبو سے پورا شہر مکدر ہے۔نہ عوام کو اس شہر کی صفائی کا خیال ہے۔حکمرانوں کو تو ویسے بھی اس ملک کا کوئی خیال نہیں۔ یہ نمائندے ووٹ کی بھکاری بن کر آتے ہیں۔پھر پانچ سال کےلیے منظر سے ہی غائب ہو جاتے ہیں۔ ٙٹینکر مافیاز ،ڈمپروں کا آزادانہ طرز عمل لوگوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے۔روزانہ کراچی کے کسی نہ کسی علاقے میں ایکسڈنٹ ہورہے ہیں۔
اگر ان چند پہلوؤں پر حکمران توجہ دے تو اس شہر کے حُسن میں اور بھی نکھار،شہر کے رونقوں میں اور بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ کراچی ہم سب کا ہے۔ہم سب اسی کے پروردہ ہیں۔ اس سے کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ تمہاری زبان کیا ہے؟کس علاقے سے ہو ؟کسی رنگ ،نسل،زبان کی تفریق کیے بغیر ہر ایک کو اپنے دامن میں جگہ دیتے ہیں۔اسی لیے تو کراچی سے پیار ہے۔
تبصرہ لکھیے