ہوم << آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان کے اقدامات - ایم آر ملک

آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان کے اقدامات - ایم آر ملک

زندگی میں رشتے ملا ہی کرتے ہیں۔ مگر ایک انسانی رشتہ ایسا ہے جس میں ”زندگی“ ملاکرتی ہے اور وہ رشتہ ہے ”دوستی کا رشتہ“ زندگی میں ہر رشتے کی اپنی ضرورت اور اہمیت ہوتی ہے جس طرح پانی کی پیاس دنیا کی کسی نعمت سے پوری نہیں کی جا سکتی اسی طرح دوستوں کی کمی کو مال و دولت کی آسائشوں سے پورا نہیں کیا جا سکتا ہے۔

انسانی رشتوں میں خون کے رشتوں کے علاوہ بلکہ بعض اوقات خونی رشتوں سے بھی زیادہ جس رشتے نے بڑا مقام پایا ہے وہ ہے دوستی۔ کہاجاتا ہے کہ ہمارا بھائی ہمارا بازو ہوتا ہے،لیکن ہمارا دوست ہمارادل ہوتا ہے کہ جس کو ہم اپنے سارے راز بتاتے ہیں اور جس سے ہم اپنی ہر خوشی اور غم بانٹتے ہیں، جس کو ہم ہر دکھ سکھ کا ساتھی بناتے ہیں۔ کسی حکیم نے کہا تھا کہ دوست ایک چھتری کی طرح ہوتا ہے، جب بھی مسائل اور مشاکل کی بارش ہوتی ہے ہم کو اس کی ضرورت بڑی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ تجربہ اور مشاہدہ بھی یہی بتاتا ہے کہ خوشیوں سے زیادہ غم کے وقت انسان کو اپنے دوست کے کندھے کی ضرورت پڑتی ہے کہ جس پر سر رکھ کر وہ رو بھی سکے اور اسی کندھے کے سہارے اس تیزوتند آندھی میں وہ چل بھی سکے۔

ایک انسان کی زندگی میں دوست اور دوستی کی اسی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسلام نے بھی دوست کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس سلسلے میں نہایت مفید ہدایات بھی دی ہیں تاکہ انسان اس کے فوائد سے بہرہ ور ہوسکے اور اس کے مضر اثرات سے خود کو بچاسکے۔ اس لئے کہ دوستی ایک دودھاری تلوار ہے، اگر اس کو مکمل احتیاط کے ساتھ نہ برتا جائے تو فائدے سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ اسی لئے اسلام نے اس عظیم نعمت کو کس طرح برتنا ہے اس کو واضح کردیا ہے اور اس سلسلے میں نہایت ہی بسیط تعلیمات بھی ہم کوعطا کردی ہیں۔

اس ساری تمہید کا مقصد محض یہ ہے کہ گزشتہ روز ملک مبشر احمد خان آئی جی جیل خانہ جات نے اپنے ہمدمِ دیرینہ رائے طاہر جو حال ہی میں آئی جی ریلوے پولیس کی نشست پر متمکن ہوئے سے ملے اور ان کو نہ صرف اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی بلکہ پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا ایک دوست کیلئے نیک خواہشات کے ساتھ ترقی،درازی عمر اور صحت کاملہ کی دعا بھی کی

رائے طاہر نے اپنا فرض منصبی سنبھالتے ہی ان کارہائے نمایاں پر توجہ دی جو اہمیت کے حامل ہیں ،آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز) نے اپنی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس ریلویز میں اہم ایس آر پی میٹنگ کا انعقاد کرایا ا جس میں آئی جی ریلویز پولیس نے ریلوے تھانہ جات اور چوکیات سمیت تمام یونٹس میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے سخت احکامات کا اجراء کیا۔ ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور ریلوے کی چوری کو پکڑنے میں ناکام ہونے والے کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لینے کا اعادہ کیا۔ آئی جی ریلوے رائے طاہر کا موقف تھاکہ ریلوے کے سامان اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے لہٰذا چوروں کو پکڑنے کے لئے ان کے اوپر تحقیق کرکے ان کو عدالت سے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔

تاہم ریلویز پولیس کے تھانہ جات اور چوکیوں میں تعینات تفتیشی افسروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ آج سے کسی بھی تفتیشی کو تفتیش کے لئے پہلے خود سے اخراجات اٹھانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ان کو تفتیش کی مد میں ایڈوانس رقم اور اس حوالے سے تمام تھانہ جات کے محرران کو تفتیش اور اسٹیشنری کے لئے ایڈوانس رقم فراہم کی جارہی ہے۔ آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ تمام ایس پی اور ایس ایچ او صاحبان ٹرینوں کو خود چیک کیا کریں گے اور ہر ایس ایچ او صبح 8 سے 11 اور سہ پہر 3 سے 5 اپنے تھانے میں حاضر رہے گا جبکہ دیگر اوقات میں اپنے علاقہ میں پٹرولنگ بھی کرے گا۔ ملازمین کی ویلفیئر کے حوالے سے آئی جی کا کہنا تھا کہ ویلفیئر کے کیسز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ اور دیر نہیں ہوگی۔ تمام ایس پیز کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ سول پارچات میں ٹرینوں کی چیکنگ کریں اور ملازمین کا ٹرن آؤٹ بہتر سے بہتر بنائیں۔ آئی جی نے کرپشن کے حوالے سے تنبیہ کی کہ پیسے لینے والے افسر کو محکمے سے فارغ کردیا جائے گا۔ سپاہی کے کرپشن کرنے پر اس کے ساتھ ساتھ محرر اور ایس ایچ او کو بھی سزادی جائے گی۔ لہٰذا ایمانداری سے نوکری کریں اور ریلوے مسافروں کی خدمت کریں۔ ریلوے مسافروں اور ریلوے ساز و سامان کی حفاظت ہمیشہ ریلویز پولیس کی ترجیح رہے گی اور ہر طرح کی سیکیورٹی ریلویز پولیس فراہم کرے گی۔یہی نہیں انہوں نے سینٹرل پولیس آفس ریلویز میں ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقادجس میں تمام ایس پیز نے شرکت کیاہلکاران کی حوصلہ افزائی کی اور عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ریلویز پولیس نے ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز اور عید اسپیشل ٹرینز میں بہترین سیکیورٹی فراہم کی۔ انہوں نے تمام ایس پیز سے مخاطب ہوکر کہا کہ ریلوے مٹیریل چوری کی روک تھام انتہائی اہم ہے اور ریلوے سگنل آلات کی چوری کی روک تھام کے لئے ضروری احکامات بھی جاری کئے اور کہا کہ سگنل آلات کی چوری کی روک تھام میں ناکامی پر متعلقہ ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا۔ اس کے علاوہ آئی جی نے ہدایت جاری کی کہ جیب تراشی کی روک تھام کے لیے متحرک ہوکر کام کرنا ہوگا اور ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سی ڈی آر کی مدد سے گرفتاری یقینی بنانی ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جیب تراشی جیسی واردات سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

پہلی بار یہ ہوا کہ انہوں نے ٹرین اسکارٹ ڈیوٹی اہلکار مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور تمام ایس پی ریلویز کو بذات خود ٹرین ایسکارٹ ملازمین کے ساتھ سفر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس امر پر زور دیاکہ ملازمین ڈیوٹی پر اپنی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے ٹرن آؤٹ کو بہترین اور مثالی بنائیں۔ ان کا یہ عزم بھی قابل ستائش ہے کہ انہوں نے ریلوے پولیس کی محکمانہ پالیسی کو زیر بحث لاتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پالیسینگ کے تناظر میں ریلویز پولیس میں کمیونیکیشن کے لئے وائرلیس سسٹم کو مزید فعال اور جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ ریلویز پولیس افسران اور جوانوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے انکو سی ٹی ڈی اور پولیس ٹریننگ کالج سہالہ سے جدید تربیتی کورس بھی کروائے جائیں گے۔آئی جی ریلوے رائے طاہر کی ذہانت اور پیشہ ورانہ جدوجہد سے انکار ممکن نہیں انہوں نے دہشت گردی جیسے واقعہ کا مقابلہ کرنے کے لئے باور کرایا کہ کوئٹہ ڈویژن میں ٹرین ایسکارٹ ڈیوٹی میں تعیناتی کے لئے جدید تربیت یافتہ کمانڈوز کی تعداد کو بڑھا دیا گیا ہے اور ان کو جدید اسلحہ بھی فراہم کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلویز پولیس لائنز کوئٹہ کو بھی اپ گریڈ کردیا گیا ہے جہاں پینے کے صاف پانی، میس، رہائش اور ریفریشمنٹ ایریا کو اپ گریڈ کیا جاچکا ہے۔انسانیت کا درد رکھنے کے حوالے سے کوئٹہ میں شہید کانسٹیبل شمروز خان کی بیوہ کی ڈھارس بندھائی اور چھ لاکھ کا چیک دیا .

ملک مبشر احمد خان کا کہنا ہے کہ انسانی زندگی مختصر ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ختم ہو جاتی ہے۔ اسے بھرپور طریقے سے جینے کے لیے اچھے دوستوں کا ساتھ بہت ضروری ہے۔میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اپنی زندگی میں بہت سے اچھے دوست ملے۔ کچھ ایسے جن سے میں کسی بھی وقت رابطہ کر کے اپنے دل کی بات کر سکتاہوں۔ وہ میری بات سن لیتے ہیں۔