ہوم << صبح شناسی - یاسین بیگ

صبح شناسی - یاسین بیگ

یاسین بیگ آسمان پر پھیلی ہلکی ہلکی زردی، بکھرے بکھرے بادلوں کے بگولے، بارشوں کے بعد کا سبزہ اور ہولے ہولے سے چلتی صبح کی ہوا۔ سب منظر انسان کے لیے ہیں۔ صبح کے وقت شاید جنت کی ساعتوں کی ایک جھلک ہے۔ برسات کی صبح کی تو بات الگ ہے۔ باغوں کا غازہ ہیں بارشوں کی بوندیں۔ پھولوں اور پودوں کو آب حیات ملتا ہے ان موسموں کی بارشوں سے۔
جب رات کے آخری پہر کی کوئل اپنا ساز شروع کرتی ہے، چھوٹی چھوٹی ننھی ننھی قمریاں درختوں پر ادھم مچانا شروع کردیتی ہیں۔ بٹیرے، تیتر، مور، مرغیاں اور کبوتر سب جاگ جاتے ہیں۔ ایک تازگی سی ابھر جاتی ہے صبح کے وجود میں۔ فطرت نے زندگی کا آغاز کیسے خوبصورت انداز سے کیا ہے۔ انسان کو اپنی گرفت میں لینے کے لیے صبح روز کتنا بن سنور کر آ تی ہے۔
صبح کے وقت کی اپنی ایک روحانی اہمیت ہے۔ ٹھنڈک، ٹھہرائو، خودشناسی اور مشاہدہ جیسی قدریں جڑتی ہیں، انسانی وجود سے۔ انسانی روح پر بہت دیرپا اثرات ہوتے ہیں۔ صبح شناسی کی عادت سے ایک خوبصورت زندگی کا آغاز ہوسکتا ہے۔ اپنے بچوں کو ایسی عادتیں سے روشناس کرانا چاہیے جس سے ان کے زندگی میں خوبصورتی کا پہلو رہے۔ صبح شناسی ایک ایسی خوبصورت عادت ہے۔

Comments

Click here to post a comment