ہوم << ٹھہریے، ذرا سوچیے. رانا اویس

ٹھہریے، ذرا سوچیے. رانا اویس

ٹھہر جائیے، رک کر ذرا غور و فکر کیجیے کہ ہم کس سمت دوڑے جا رہے ہیں۔ آیا وہ راستہ جو ہم نے اختیار کر رکھا ہے، ہمیں کسی منزل تک لے جائے گا، یا ہم یونہی بھٹکتے رہیں گے؟ لمحہ بھر کے لیے سوچیے کہ ہم اپنی زندگی کن کاموں میں گزار رہے ہیں، ہماری مصروفیات کیا ہیں، ہم کن دوستوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، اور ہمارے روزمرہ کے معمولات کس جانب اشارہ کر رہے ہیں۔

کیا ہم محض دنیا کی دوڑ میں مگن ہیں؟ کیا ہمارے مشغلے صرف کھیل کود، تفریح اور وقتی خوشیوں تک محدود ہیں؟ کیا ہم اپنی زندگی دوسروں کی واہ واہ سمیٹنے اور دوسروں کی تعریفیں کرنے میں ضائع کر رہے ہیں؟ کیا ہمارا قیمتی وقت سوشل میڈیا پر بے مقصد چیزیں دیکھنے اور غیر ضروری مباحث میں الجھنے میں برباد ہو رہا ہے؟ کیا ہم اپنی تصویریں بنا کر اپ لوڈ کرنے اور پھر لائکس اور کمنٹس دیکھ دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں؟

یہ سب سوالات ہماری زندگی کے احتساب کا تقاضا کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے وقت، اپنی صلاحیتوں اور اپنی جوانی کو اللہ تعالیٰ کی رضا، نیکی کے کاموں، علم حاصل کرنے، فرائض ادا کرنے اور معاشرے میں خیر و بھلائی پھیلانے میں صرف کرنا چاہیے۔ یاد رکھیے، آج کا کیا گیا ایک درست فیصلہ کل کی زندگی کو آسان بنا سکتا ہے۔ اپنا محاسبہ کیجیے، اپنی راہ کا تعین درست کیجیے، اور اپنی زندگی کو بامقصد بنائیے۔

اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ کو اپنی اصلاح کا کام کرنے والا بنائے، ہمیں نیکی پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں ایسا بنا دے کہ ہم خود بھی بھلائی پر عمل کریں اور دوسروں کے لیے بھی خیر و بھلائی کا ذریعہ بنیں۔ آمین!