سائبر کرائم بل سینٹ سے بھی منظور ہو گیا ہے، شنید ہے کہ اب سوشل میڈیا کے دانشوروں کی خیر نہیں. اس سے ایک بات تو ثابت ہوتی ہے کہ ہر حکومت کے خانوں میں ایک خانہ آمریت کا بھی ہوتا ہے. مجھے چونکہ جیل نہیں جانا اسی لیے اب میرے سوشل میڈیا سٹیٹس، خبریں اور بیانات کچھ یوں ہوں گے.
۱- پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں غربت نہ ہونے کے برابر ہے۔
۲۔ پاکستان میں ہر دو کلومیٹر کے بعد سہولیات سے آراستہ ایک ہسپتال ہے جس کی مثال شاید امریکہ میں بھی نہیں ملتی
۳- دنیا کے 500 اچھے ہسپتالوں میں پاکستان کے 100 ہسپتال شامل. سب بولو سبحان اللہ
۴۔ پاکستان میں مہنگائی کس چیز کا نام ہے؟ عوام کو کچھ نہیں پتا کیونکہ یہاں مہنگائی ہے ہی نہیں. کسی کو اختلاف ہو تو رمضان میں ٹماٹر کا نرخ کیا تھا معلوم کر لے۔
۵۔ پاکستان میں تعلیم سستی اور بہترین ہے. اساتذہ کی حاضری 100 فیصد، شرح خواندگی 90 فیصد ہو گئی ہے. سرکاری سکول کالجز کی سہولیتں اتنی ہو گئیں کہ نجی سکول کالجز بند ہونا شروع ہو گئے ہیں
۶۔ کراچی میں جرائم کی وارداتیں نہ ہونے کے برابر ہیں، کریڈٹ سندھ پولیس کو جاتا ہے۔
۷۔ ملک میں انرجی بحران نہیں رہا، اب عوام اللہ سے دعا کر رہی ہیں. یااللہ ہمیں لوڈشیڈنگ کب نصیب ہوگی۔ بنگلہ دیش اور بھارت نے پاکستان سے بجلی لینے کی پیش کش کردی۔
۸۔ اتنی بارشوں کے باوجود لاہور کی سڑکوں پر ایک قطرہ پانی کا نظر نہیں آیا۔ سیورج سسٹم اتنا اچھا ہے کہ برطانوی گورنمنٹ بھی متاثر ہو کر اپنے ہاں ویسا سسٹم لگوانے کا سوچ رہی ہے۔
۹- پچھلے تین سال سے پولیو کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا ۔
۱۰- دالیں اتنی سستی ہو گئی ہیں کہ مرغیاں ترس رہی ہیں کہ کوئی ہمیں بھی کھائے.
۱۱- چائنہ مہران کار پاکستان نے درآمد کر لی. قیمت اڑھائی لاکھ نہیں دو لاکھ ہوگی۔
۱۲۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں 95 فیصد کمی ہو گئی ہے۔ اب کرپشن فری پاکستان کا نعرہ بلند کیا جا سکتا ہے.
۱۳۔ پچھلے تین سالوں میں حکومت نے کسی بھی شخصیت یا کمپنی کے قرض معاف نہیں کیے۔
۱۴- پاکستان کے وزیر خارجہ کا اعلان کردیا گیا اب بھارت کی خیر نہیں۔
۱۵۔ کشمیر کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، بھارت نے ہر محاذ پر گھٹنے ٹیک دیے ہیں اور اقوام متحدہ نے کشمیر کو پاکستان کے سپرد کر دیا ہے۔
۱۶۔ پی آئی اے خسارے سے نکل کر منافع میں آگئی ہے اور اس کا کریڈٹ آپ کسی کو بھی دے سکتے ہیں
۱۷۔ آفریدی کا کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ، سیاست میں حصہ لیں گے. ن لیگ ، پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا امکان۔ کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا عزم۔
۱۸- جنید جمشید کا آئندہ کسی بھی غیرمحرم کے ساتھ سیلفی نہ لینا کا مولانا طارق جمیل صاحب سے وعدہ۔
۱۹- علمائے کرام کا سود میں گنجائش نکالنے کا فیصلہ، صدر ممنون حسین کا اظہار برہمی۔
۲۰۔ عمران خان کا حکومت کو سٹیل مل کی نجکاری کا مشورہ ۔ حکومت کا نجکاری کے بارے میں سوچنے سے بھی انکار ۔ اپنے تجربہ سے سٹیل مل کو منافع بخش بنانے کے لیے اجلاس طلب ۔
۲۱۔ مولانا فضل الرحمن کا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ۔ اپوزیشن میں رہ کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔
۲۲۔ محمود اچکزئی محب وطن ہیں، قراداد متفقہ طور پر خیبر پختوخوا اسمبلی سے منظور ۔
۲۳۔ جنگ گروپ کا حکومت پر تنقید کرنے کا فیصلہ اور ARY کی حکومت کے مثبت اقدام پر شاباش ۔ باقی نجی چینلز پر سکتہ طاری ۔ سماء کی عمران خان کے سکردو جانے پر تنقید۔
۲۴۔ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی۔ ڈالر 80 روپے کا ہوگیا ۔ وزیراعظم کی اسحاق ڈار کو شاباش۔ ڈالر کی قیمت میں کمی پر کوئی دھاندلی
نہیں ہوئی کیونکہ شام پر ویسے حملے نہیں ہو رہے جیسے پہلے ہوا کرتے تھے۔ عمران خان
۲۵۔ عامر لیاقت کا آئندہ ڈرامے کرنے سے انکار، اب وہ بڑے ہو گئے ہیں، انھیں غازی یا شہید کہا جائے۔ (مستورات سے اپیل )
۲۶۔ نیب کا تمام وفاقی وزرا کو کسی بھی کرپشن کیس میں ملوث نہ ہونے پر سلوٹ۔ اسحاق ڈار نے ساتھ میں 10 ڈنڈ بھی لگانے کی سفارش کر دی.
۲۷۔ وزیر داخلہ چوھردری نثار نے جی ایچ کیو سے رابطے کے لیے وزیر دفاع خواجہ آصف کی خدمات حاصل کر لیں۔
۲۸۔ چونکہ حکومت پنجاب سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہیں اسی لیے کسی بھی تحریک کا جواز نہیں بنتا ۔ڈاکٹرطاہرالقادری
۲۹۔ مجھے دھرنے کی سیاست پسند نہیں۔ عمران خان
۳۰- ملک ترقی کی رہ پر گامزن ہے اس کے لیے ہم عمران خان کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم
۳۱۔ کسی خاتون کے ساتھ سیلفی بنانے سے پہلے سوچ لیں کہ آپ بری طرح پھنس بھی سکتے ہیں۔ مفتی قوی
۳۲۔چونکہ پہلا ٹیسٹ میچ آرمی کے نام کیا تھا، اب جو ٹیسٹ میچ ہم جیتیں گے وہ حکومت پاکستان کے نام کریں گے، اس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔ مصباح الحق
۳۳۔سائیں قائم علی شاہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سندھ کی خدمت کروں گا۔ مراد علی شاہ
۳۴۔ رانا ثنااللہ اور عابد شیر علی کا بڑی عید گلے مل کر منانے کا فیصلہ ، فیصلے سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیرترین حیران۔
۳۵۔ اللہ ہمیں سائبر کرائم جیسے کئی بل منظور کرنے کی توفیق دے تاکہ ذہنوں کو مزید آزادی فراہم کی جا سکے. پرویز رشید
تبصرہ لکھیے