ہوم << اب جینا اور مرنا تمھارے ساتھ ہے - رضی الاسلام ندوی

اب جینا اور مرنا تمھارے ساتھ ہے - رضی الاسلام ندوی

اب جینا تمھارے ساتھ ہے____
__________اور مرنا بھی تمھارے ساتھ
مکہ مکرمہ فتح ہوا تو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے عام معافی کا اعلان کردیا. آپ نے فرمایا : "جو ابو سفیان کے گھر میں چلا جائے اس کے لیے امان ہے، جو ہتھیار ڈال دے اس کے لیے امان ہے، جو اپنے گھر کا دروازہ بند کر لے اس کے لیے امان ہے."
یہ سن کر انصار کے درمیان چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں:
" لگتا ہے، آپ پر مکہ کی محبت غالب آگئی ہے، اسی لیے اس طرح کھلے دل سے عام معافی دے رہے ہیں."
"اب مکہ فتح ہوگیا ہے، لگتا ہے، اب آپ یہیں رک جائیں گے."
" لگتا ہے، اب ہم آپ کی صحبت سے محروم ہو جائیں گے."
" لگتا ہے......"
" لگتا ہے......"
یہ باتیں ایک سے دوسرے تک، دوسرے سے تیسرے تک، تیسرے سے چوتھے تک پہنچ گئیں. اس طرح ان کا چرچا ہونے لگا.
وحی الہی نے آپ کو اس صورت حال سے مطلع کیا تو آپ جذباتی ہوگئے. آپ نے انصار کو جمع کیا اور ان سے خطاب کیا. آپ نے تین مرتبہ ان سے دریافت کیا :
" بتاؤ، میرا کیا نام ہے؟ " سب خاموش رہے، تب آپ نے فرمایا:
"میرا نام محمد ہے. میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں، میں نے اللہ کے لیے، تمھاری طرف ہجرت کی ہے. اب میرا جینا بھی تمھارے ساتھ ہے اور میرا مرنا بھی تمھارے ساتھ ہے. (المحیا محیاکم و الممات مماتکم) "
یہ سن کر انصار سراپا معذرت بن گئے.
(بخاری :1780)
اس واقعہ سے سماجی اور سیاسی زندگی کے لیے ایک زرّیں اصول کا علم ہوتا ہے. اسی ذمے دار، سربراہ اور حکمراں کو اپنے ماتحتوں اور عوام کی محبت ملتی ہے جس کا جینا اور مرنا ان کے ساتھ ہو، جن کے درمیان اس کا رہنا سہنا، اٹھنا بیٹھنا اور چلنا پھرنا ہو، جسے وہ اپنے اندر کا ایک فرد اور اپنے جیسا ایک انسان سمجھتے ہوں.
جن حکمرانوں نے یہ اصول اپنے پیش نظر رکھا اور اسے حرزِ جان بنایا، انھیں اپنے عوام سے غیر معمولی محبت ملی. اس موقع پر میں شیرِ میسور ٹیپوسلطان کی مثال دوں گا. انھوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے ایسے کام کیے کہ وہ ان پر جان چھڑکتے تھے. انگریزوں کی سازش اور اپنوں کی غدّاری کے نتیجے میں جب شکست یقینی ہوگئی تو وفاداروں نے ٹیپوسلطان کو راہِ فرار اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور اس کا انتظام بھی کردیا، لیکن ٹیپو نے یہ گوارا نہ کیا اور کہا کہ میرا جینا اور مرنا تمھارے ساتھ ہوگا، چنانچہ انھوں نے دشمن سے دو بدو لڑتے ہوئے جان دے دی
مجھے کئی بار میسور سفر کرنے کا موقع ملا ہے. میں نے وہاں ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، بازاروں، ہوٹلوں، چائے خانوں اور دوسرے عوامی مقامات پر لوگوں اور خاص طور پر ہندوؤں سے ٹیپو کے بارے میں تاثرات لینے کی کوشش کی تو سب کو ان کے بارے میں رطب اللسان پایا. ان کی شہادت پر دو سو سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود اس میں ادنی سا بھی فرق نہیں آیا ہے.
ترکی میں حالیہ ناکام فوجی بغاوت کے موقع پر وہاں کے صدر رجب طیب اردگان کا بھی یہی موقف سامنے آیا. انھیں بغاوت کی اطلاع دی گئی تو انھوں نے راہِ فرار اختیار کرنے کو نہیں سوچا، بلکہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر عوام سے تعاون کی اپیل کی، پھر ان کے درمیان پہنچنے کے لیے بذریعہ ہوائی جہاز استنبول کا قصد کیا، حالانکہ معلوم ہو گیا تھا کہ استنبول ائیرپورٹ کا باغی فوجیوں نے محاصرہ کرلیا ہے -گویا انھوں نے بھی اپنے عوام سے زبان حال سے یہی کہا تھا کہ میرا جینا اور میرا مرنا دونوں تمھارے ساتھ اور تمھارے درمیان ہوگا. اس موقع پر عوام کی ان سے محبت کے بھی بہت دل کش نظارے سامنے آئے.
حکمرانوں کے لیے اس میں بڑا سبق موجود ہے. ہے کوئی جو اس پر کان دھرے اور اس پر عمل کرنے کے لیے تیار ہو ؟

Comments

Click here to post a comment