ہوم << جماعت اسلامی بڑی انتخابی جماعت کیوں نہ بن سکی؟ شاہد اقبال خان

جماعت اسلامی بڑی انتخابی جماعت کیوں نہ بن سکی؟ شاہد اقبال خان

پلڈاٹ سروے کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے۔ یعنی کی جماعت اسلامی کے اندر جمہوری نظام سب سے زیادہ مضبوط ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی سب سے پرانی جماعتوں میں شامل ہے اور اس کے کسی بڑے رہنما پر آج تک کرپشن کا کوئی چھوٹا سا سکینڈل بھی سامنے نہیں آیا۔ جماعت اسلامی کی تنظیم اس حد تک مضبوط ہے کہ ۲۴ گھنٹے کے نوٹس پر لاکھوں کا جلسہ کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی میں تمام فرقوں کے لوگ شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کے تمام ترجمان اکثر بہت پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی ہمیشہ تمام قومی ایشوز پر اپنا موقف بھی پیش کرتی ہے۔ جماعت اسلامی فلاحی کاموں میںبھی بہت متحرک ہے۔اس کے باوجود جماعت اسلامی کبھی پاکستان کی بڑی انتخابی جماعت بن کر نہیں ابھر سکی۔ سیاسیات کے طالب علموں کے لیئے یہ سوال بہت اہم ہے کہ آخر وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے جماعت اسلامی بڑی انتخابی جماعت نہیں بن سکی؟
میرے خیال میں اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں لسانیت، مذہب، قومیت اور صوبائیت کے لحاظ سے بہت تقسیم ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، قومی وطن پارٹی پختون قومیت، نیشنل پارٹی بلوچ قومیت، اور ایم کیوایم مہاجر قومیت کی بنیاد پر سیاست کرتی ہیں۔ مذہبی جماعتیں اسلام ، کسی خاص فرقہ اسلام کے پرچار اور نفاذ اسلام پر سیاست کرتی ہیں جن میں جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام کے دونوں گروپ اور کچھ اور چھوٹی جماعتیں شامل ہیں۔ یہ تمام جماعتیں کسی ایک خاص گروپ کو اپیل کرتی ہیں جس وجہ سے یہ بس ان گروپس میں قابل قبول ہوتی ہیں مگر دوسرے مکتبہ فکر کے لوگوں اور دوسری قومیت کے لوگوں کو ان گروپس سے تعصب پیدا ہو جاتا ہے جس وجہ سے یہ قومی سطح پر نہیں ابھی سکتیں۔پی پی کا نعرہ روٹی کپڑا مکان، مسلم لیگ کا نعرہ ترقی اور خوشحالی اور تحریک انصاف کا نعرہ انصاف اور کرپشن فری پاکستان ہے۔ یہ نعرے ہر مکتبہ فقر کے لوگوں کو متاثر کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان جماعتوں میں مذہبی علما بھی شامل ہیں، غریب طبقہ بھی، امرا اور اشرافیہ بھی، مسلم بھی نان مسلم بھی۔اس لئے یہ جماعتیں انتخابات میں پورے ملک سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں مگر جماعت اسلامی ایسا نہ کر سکی کیونکہ جماعت نے مذہبی ووٹ بنک کو ٹارگٹ کیا اور وہ بھی کئی حصوں میں بٹ گیا۔
دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی جمہوریت اور جمہور یعنی عوام سیاسی شعور کے اس مقام پر ابھی نہیں پہنچے جہاں ووٹ بس پارٹی کو ملے، امیدوار کو نہیں۔ پاکستان میں وہ جماعت الیکشن جیتتی ہے جس کے پاس ہر نشست پر مضبوط امیدوار ہو یعنی کوئی پیر، وڈیرا، جاگیردار یا بڑا وکیل ہو۔ تینوں بڑی جماعتوں کے پاس اس طرح کے امیدوار ہیں مگر جماعت اسلامی کے پاس نہیں۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ جماعت کو ایسے امیدوار میسر نہیں بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ جماعت اسلامی نے امیدوار کے لے جو شخصی اور اخلاقی معیار بنایا ہوا ہے اس پر یہ لوگ پورا نہیں اترتے۔ نظریاتی لحاظ سے تو جماعت اسلامی خراج تحسین کی حقدار ہے مگر عملی سیاست میں جماعت اسلامی کی ناکامی کی یہ ایک بڑی وجہ ہے۔

Comments

Click here to post a comment