بہت سے ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو ناگہانی حالات کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ یعنی اگر بجلی چلی جائے یا کوئی آفت آ جائے، بینک بند ہو جائیں، کارڈ نہ چلیں اور آپ کے پاس رقم نہ ہو تو؟ لیکن ان تمام صورتِ حال کو سن کر ہم پاکستانی کیوں مسکرا رہے ہیں؟ کیونکہ ہم وہ خوش قسمت لوگ ہیں جنہیں ہماری آنے والی ہر دوسری حکومت نے ہر طرح کے حالات کے لیے تیار کر رکھا ہے۔
بجلی نہ ہو تو؟
ہماری تو وقت بے وقت، بلکہ زیادہ تر وقت بجلی ہوتی ہی نہیں، اس لیے ہم تو تیار سپاہی ہیں۔
بینک اکاؤنٹس اور اے ٹی ایم کارڈ نہ چلیں تو؟
ہمارے پاس تو ہر روز بس ایک وقت کے کھانے کی ہی رقم ہوتی ہے۔
اگر افراتفری ہو جائے تو؟
بھئی! ہم تو رہتے ہی افراتفری میں ہیں۔ ہم تو سکون سے پریشان ہوتے ہیں۔
اگر بنیادی ضروریاتِ زندگی ختم ہو جائیں تو؟
یہ کس چڑیا کا نام ہے؟ ہم تو پانی، گیس، ٹرانسپورٹ، یہاں تک کہ لا اینڈ آرڈر کی خراب صورتِ حال کو ہر لمحہ بھگت رہے ہیں۔
اس لیے اے جاپانی بھائیو! مجھے تمہاری بدقسمتی پر دکھ ہو رہا ہے۔ بھلا تم کیسے مقابلہ کرو گے؟ پلیز! ہم سے کچھ اربابِ اقتدار لے لو۔ اگر چاہو تو ہمیشہ کے لیے لے لو، کیونکہ ہم اربابِ اقتدار کے معاملے میں کافی خود کفیل ہیں۔باقی پریشان نہ ہوں، غیر معمولی حالات میں انسان زندہ رہتا ہے، جیسے ہم رہ رہے ہیں۔



تبصرہ لکھیے