ہوم << دل کے بادل - افشاں فیصل شیوانی

دل کے بادل - افشاں فیصل شیوانی

پچھلے کچھ دنوں سے موسم بے حد خوشگوار ہے، ہر وقت بادل چھائے رہتے ہیں اور جب یہ بادل برس جائیں گے تو دھوپ کی کرنیں پھر سے زمین کے سینے کو روشن کرنے لگیں گی۔بادل کتنے ہی گہرے ہوں، سورج کی کرنیں انہیں چیرتی ہوئی زمین کو اجالا بخش ہی دیتی ہیں۔ یہ بادل دھوپ کو ختم نہیں کر سکتے مگر اس کی حدت کچھ دیر کے لیے کم ضرور کر دیتے ہیں۔
ایسے ہی بادل کبھی کبھی انسان کے دل پر بھی چھا جاتے ہیں۔ غم کے، غصے کے، ناراضگی کے یا غلط فہمی کے، اور یہ بادل بھی ہمارے جذبات کی حدت کو کم کر دیتے ہیں۔ ہمارے دل میں موجود پیار، محبت اور امید کو چھپا دیتے ہیں۔ان بادلوں کو برس جانا چاہیے کیونکہ یہ بادل نہیں برسیں گے تو دل میں حبس پیدا کر دیں گے اور دل کو اس حبس سے گھٹن سے پاک کرنے کے لیے ان کا برسنا ضروری ہے۔ ایک بار جب یہ بادل کھل کر برس جائیں تو دل بالکل روشن ہو جائے گا۔
اپنے اندر باتوں کو چھپا کر نہ رکھیں، دکھی ہیں تو کچھ دیر اکیلے بیٹھ کر رو لیں، کسی سے شکایت ہے تو اس سے جا کر بات کریں، کوئی ناراض ہو تو جا کر منا لیں اسے، آپس کی غلط فہمیوں کو مل بیٹھ کر دور کریں اور لوگوں کو معاف کر دیا کریں تاکہ دل پر جو اتنے سارے بوجھ لادے پھرتے ہیں وہ کم ہوں، دل پر چھائے کالے بادل گھٹ جائیں اور دل مکمل روشن ہو جائے۔ اگر ایسا نہ کیا تو یہ بادل مزید گہرے ہوتے جائیں گے اور اندھیرا اور حبس بڑھتا جائے گا اور یہ اندھیرا خوشیوں کی روشنی کو نگل لے گا تو ایسا مت ہونے دیں، اپنے دلوں کو وسیع کریں، خوشی کی دھوپ کو دل میں داخل ہونے دیں تاکہ ہمارے دل روشن رہیں۔ اللہ آپ کو خوش رکھے اور آپ دوسروں کی خوشی کا باعث بنیں۔