ہوم << حاجی صاحب کی قربانی اور انسانیت - محمد سلمان اسلم

حاجی صاحب کی قربانی اور انسانیت - محمد سلمان اسلم

محمد سلمان اسلم بقر عید کے دن قریب تھے، حسبِ روایت اس دفعہ بھی حاجی صاحب نے قربانی میں سب پر بازی لینے کی ٹھان رکھی تھی. ایک دن حاجی صاحب نے اخبار میں اشتہار دیکھا جس میں شہر کے مہنگے ترین جانور کا ذکر تھا، انھوں نے پتا نوٹ کیا اور اگلی صبح ملازم کے ساتھ گاڑی میں سوار ہو کر شہر کی راہ لی. مقررہ جگہ پہنچے، علیک سلیک کے بعد قربانی پر تھوڑا زور دیا اور ان لوگوں پر شدید تنقید کی جو سال بھر میں اتنی رقم بھی جمع نہیں کر سکتے کہ قربانی کر سکیں. حاجی صاحب کی باتوں سے مالک کافی حد تک متاثر ہوا اور حاجی صاحب کے ایمانی جذبے کی تعریف کرنے لگا. حاجی صاحب نے بغیر بھاؤ تاؤ کے جانور کی منہ مانگی قیمت ادا کی تو مالک کو مصمم یقین ہوگیا اور بزبان پکار اٹھا کہ باخدا یہی وہ لوگ ہیں جن کی بدولت اللہ ہم سے راضی ہے. بیل کو گاڑی میں لاد کر حاجی صاحب شہر سے روانہ ہو گئے.
حاجی صاحب کا ملازم ان کے لیے نشر و اشاعت کا کام بھی بڑی ذمہ داری سے انجام دیا کرتا تھا. اس نے جیسے کیسے حاجی صاحب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے گاؤں میں بیش قیمت بیل خریدنے کی خبر پہنچا دی. حاجی صاحب نے تمام لوگوں کو اپنا منتظر پایا، بصیرت سے کام لیتے ہوئے اور ملازم کی تعریف کی اور نقد انعام بھی دیا. وہاں پر جمع غریب لوگوں کو دیکھ کر حاجی صاحب نے کسی قدر دل ہی دل میں اللہ کا شکر ادا کیا کہ اللہ پاک نے ان کو دولت جیسی عظیم الشان نعمت عطا فرمائی ہے. ادھر موجود غریب لوگوں نے حاجی صاحب کی خوب تعریف کی اور کسی قدر للچائی ہوئی نظروں سے بیل کی طرف دیکھنے لگے. حاجی صاحب کی بصیرت نے بھانپ لیا اور ہمیشہ کی طرح مانگنے کو غیر معاشرتی طریقہ ٹھہرایا اور محنت کی تلقین کی، اور صبر پر اللہ کے انعامات کا درس دیا اور بتایا کہ ان کی دولت بھی صبر ہی کا پھل ہے. کوئی اپنی بیٹی بیاہنے کے لیے حاجت کر رہا تھا اور کوئی بوڑھی ماں کی دوا کے لیے مگر جوں کے توں حاجی صاحب اسے خدائی قانون اور آزمائش ٹھہراتے رہے. ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی حاجی صاحب تو جیت گئے مگر انسانیت ایک دفعہ پھر بیوہ کا روپ دھار کر کہیں ویرانے میں جا آباد ہوئی.

Comments

Click here to post a comment