ہوم << روزے کے درجات - عمارہ عابد

روزے کے درجات - عمارہ عابد

روزہ اسلامی عبادات میں ایک بلند مقام رکھتا ہے۔ یہ نہ صرف ظاہری طور پر کھانے پینے سے رُکنے کا نام ہے بلکہ ایک روحانی تربیت بھی ہے جو انسان کو تقویٰ، صبر اور شکر کی بلندیوں تک پہنچاتی ہے۔ روزے کے مختلف درجات ہیں۔جو ہر شخص کی نیت، کوشش اور اخلاص کے مطابق ہوتے ہیں۔

عام روزہ:
یہ وہ روزہ ہے جس میں انسان شریعت کے ظاہری اصولوں پر عمل کرتا ہے۔ وہ طلوعِ فجر سے غروبِ آفتاب تک کھانے، پینے اور دیگر ممنوعات سے باز رہتا ہے لیکن اس کا دل و دماغ دنیاوی خیالات میں الجھا رہتا ہے۔ یہ روزے کا ابتدائی درجہ ہے، جو محض فرض کی تکمیل کے لیے رکھا جاتا ہے۔

خاص روزہ:
یہ روزہ صرف جسمانی عبادت تک محدود نہیں رہتا بلکہ انسان اپنی زبان، آنکھ، کان اور دل کو بھی گناہوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ روزہ دار ہر برے قول و فعل سے بچنے کی کوشش کرتا ہے، اپنی نظر کی حفاظت کرتا ہے، جھوٹ، غیبت اور فحش کلامی سے دور رہتا ہے اور اللہ کے ذکر میں مشغول رہتا ہے۔ یہ روزے کا بلند ترین درجہ ہے جو انسان کی روحانی اصلاح کا ذریعہ بنتا ہے۔

خاص الخاص روزہ:
یہ روزے کا اعلیٰ ترین مقام ہے جس میں بندہ اپنی تمام تر توجہ اللہ کی رضا پر مرکوز کر دیتا ہے۔ اس کا دل دنیاوی معاملات سے آزاد ہو کر محض اللہ کی محبت اور قربت میں مشغول رہتا ہے۔ وہ نہ صرف ظاہری اور باطنی گناہوں سے بچتا ہے بلکہ ہر اس چیز سے بھی دور رہتا ہے جو اللہ کی یاد سے غافل کرے۔ یہ درجہ صرف ان خاص بندوں کو نصیب ہوتا ہے جن کے دل اللہ کی محبت اور معرفت سے منور ہوتے ہیں۔

روزے کے درجات کا یہ فرق ہمیں سمجھاتا ہے کہ روزہ صرف ایک رسمی عبادت نہیں بلکہ ایک عملی و روحانی تربیت ہے۔ جو لوگ عام روزے سے آگے بڑھ کر خاص اور خاص الخاص روزے کی طرف سفر کرتے ہیں، وہی حقیقی معنوں میں روزے کے مقصد کو پا سکتے ہیں اور اللہ کے قرب کے مستحق بن سکتے ہیں۔ اس لیے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ روزے کو محض بھوکا رہنے کی مشق نہ سمجھے بلکہ اپنی نیت، اعمال اور رویے کو بہتر بنانے کی کوشش کرے تاکہ وہ روزے کے اعلیٰ مقاصد کو حاصل کر سکے۔