رمضان المبارک کا مہینہ رحمتوں، برکتوں، سعادتوں، بخشش و مغفرت کا مہینہ ہے، اس مبارک مہینے میں شیاطین قید کردیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کردیے جاتے ہیں، اور جنۃ الفردوس کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ ویسے تو پورے مہینہ رب کی رحمتوں کا خاص نزول ہوتاہے۔ اس ماہ مبارک" ایک رات ایسی جو ایک ہزار راتوں سے افضل اور بہتر ہے"
وہ کون سی رات ہے؟ وہ شب قدر کی رات ہے، جس کا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے۔
إِنَّا أَنْزَلْنَاهُ فِی لَیْلَةِ الْقَدْرِ ﴿١﴾ وَمَا أَدْرَاکَ مَا لَیْلَةُ الْقَدْرِ ﴿٢﴾ لَیْلَةُ الْقَدْرِ خَیْرٌ مِنْ أَلْفِ شَهْرٍ ﴿٣﴾ تَنَزَّلُ الْمَلائِکَةُ وَالرُّوحُ فِیهَا بِإِذْنِ رَبِّهِمْ مِنْ کُلِّ أَمْرٍ ﴿٤﴾ سَلامٌ هِیَ حَتَّى مَطْلَعِ الْفَجْرِ ﴿٥﴾
اس سورت مبارکہ میں شب قدر کی فضیلت اور اہمیت کے متعلق تذکرہ فرمایا گیا ہے۔ شب قدر اسلامی تعلیمات میں سب سے زیادہ مقدس اور با برکت راتوں میں سے ایک رات ہے۔ اسے آخری عشرے میں تلاش کرنا چاہیے۔ یہ وہ رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو" لوح محفوظ " سے نازل فرمایا، اور اسے ہزار مہینوں (تقریباً 83 سال) کی عبادت سے افضل قرار دیا۔ اس رات میں حضرت جبرائیل علیہ السلام فرشتوں کی پوری جماعت کو لے کر دنیا میں تشریف لاتے ہیں، اور جو بھی بندہ جس حالت میں بھی عبادت اور ذکر الہیٰ میں مشغول ہوتا ہے، اس کو سلام پیش کرتے ہیں، اور ان کے لیۓ دعا کرتے ہیں۔ اس رات میں مسلمان مرد وعورت پر خوب رحمتوں اور برکتوں کی بارشیں برسائیں جاتی ہیں، بہت سے لوگوں کو جہنم سے آزادی دی جاتی ہے۔
شب قدر کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ قرآن مجید کو اسی رات میں نازل فرمایا۔ ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اس رات کی عبادت کرنے پر ہزار مہینوں کی عبادت کا ثواب ملتاہے۔ تقدیر کے فیصلے بھی "شب قدر" میں کیے جاتے ہیں۔ ملائکہ کا نزول، گناہوں کی معافی، سلامتی اور برکت۔
شب قدر میں زیادہ سے زیادہ عبادت اور مناجات میں مصروف رہنا چاہیے، توبہ واستغفار کریں، تہجدکے نوافل اور دوسری نفل عبادت کو اہتمام سے ادا کریں، اس مبارک رات میں زیادہ سے زیادہ قرآن مجید کی تلاوت کریں، صدقہ وخیرات کریں، اچھے نصیب کے لیے دعا کریں۔ شب قدر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمیں عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے، اس رات میں دعا، عبادت، توبہ، اللّٰہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، جو شخص اس رات کی عبادت سے محروم رہ گیا وہ در حقیقت بہت بڑی نیکی اور خیر سے محروم رہ گیا۔ ہمیں چاہیے کہ اس شب کو عبادت میں گزاریں، اور اللّٰہ تعالیٰ سے اپنی دنیا اور آخرت کی بھلائی کی دعائیں کریں، امت مسلمہ کے لیۓ دعائیں کریں۔
یہ رات بہت افضل رات ہے۔
اس مبارک رات کو رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں تلاش کریں، اکیسویں، تیئسویں، پچیسویں، ستائیسویں، انتیسویں، ان میں سے ایک رات شب قدر ہے، ہمیں نہیں معلوم کون سی ہے؟ بس ہمیں تمام راتوں کو عبادت میں گزارنی ہیں، اور اللہ تعالیٰ سے امید رکھنی ہے، ان شاءاللہ تعالیٰ" شب قدر " ہمیں ضرور مل جاۓ گی۔ اے اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس رمضان المبارک میں شب قدر نصیب فرما،اور اپنی عبادت کی خوب توفیق عطا فرما۔ آمین ثم آمین
تبصرہ لکھیے