ہوم << تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے - زبیر احمد

تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے - زبیر احمد

تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے
اس ماہ نبوت کے روشن ہیں سب تارے

توحید کا ہونٹوں سے اقرار ہی کرتے رہے
تھا عشق نبی ایسا اظہار ہی کرتے رہے
بے زار نہ کر پائے سلگتے ہوئے انگارے
تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے

اللہ کے رستے میں سب مال و متاع چھوڑا
جب حکم نبی نے دیا اصحاب نے گھر چھوڑا
طاعت میں نبوت کی سب جان و دل وارے
تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے

ہر گوشے میں دنیا کے حق بات کو پہنچایا
اور علم و حکمت سے اسلام کو پھیلایا
وہ نور ہدایت کے ہیں کتنے حسیں دھارے
تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے

آپس میں مروت تھی الفت تھی محبت تھی
گر نفس وہ لاکھوں تھے پر جان تو اک ہی تھی
اس رحم و محبت کے قرآن میں ہیں اشارے
تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے

اخلاص کے پیکر وہ اوصاف میں کامل وہ
جھک پائے نہ مشکل میں کبھی زیر باطل وہ
آپس میں مہرباں تھے کفر کے لیے شرارے
تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے

ایثار مجسم تھے وہ ساتھی ہجرت کے
اسلام کی عظمت تھے منصف وہ عدالت کے
پہلو میں ہی مدفن ہیں بوبکر و عمر پیارے
تابندہ و پائندہ اصحاب نبی سارے