ہوم << اسرائیلی فورسز کا مسجدِ اقصیٰ پر اسٹن گرینیڈز سے حملہ، 400 نمازی گرفتار

اسرائیلی فورسز کا مسجدِ اقصیٰ پر اسٹن گرینیڈز سے حملہ، 400 نمازی گرفتار

اسرائیلی پولیس نے آج صبح طلوع فجر سے قبل یروشلم کی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں پر حملہ کر دیا ۔ اسرائیلی فروسز کی جانب سے مسجد اقصیٰ پہ پر تشدد حملوں کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا۔
پولیس نے 400 بے قصور فلسطینی نمازیوں کو بلا اشتعال گرفتار بھی کر لیا ، جنہیں مقبوضہ یروشلم کے اتاروت پولیس اسٹیشن میں منتقل کر دیا گیا ۔

مقبوضہ مغربی کنارے اور یروشلم میں گزشتہ ایک سال کے دوران تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور رواں ماہ کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان، یہودیوں کا مذہبی تہوار ’پاس اوور‘ اور مسیحیوں کا تہوار ’ایسٹر‘ لگ بھگ ایک ساتھ منایا جارہا ہے۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی پولیس کی جانب سے ربڑ کی گولیاں داغے جانے اور تشدد سے 12 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی فورسز اس کے طبی عملے کو مسجد اقصیٰ جانے سے روک رہی ہیں۔

مسجد کے باہر موجود ایک بزرگ خاتون نے میڈیا کو روتے ہوئے بتایا کہ ’میں ایک کرسی پر بیٹھی قرآن پڑھ رہی تھی کہ اسرائیلی فروسز نے ہم پر اسٹن گرینیڈ پھینکے اور ان میں سے ایک مجھے بھی لگا۔

مسجد اقصیٰ کے احاطے میں حالیہ چند برسوں میں اسرائیلی فروسز کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیلی پولیس کی فائرنگ اور اسٹن گرینیڈز کے نتیجے میں مسجد اقصٰی میں آگ لگ گئی ، اور مسجد کے حال کو نقصان پہنچا۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے کہا کہ ’ہم مقدس مقامات پر حدود کی پاسداری نہ کرنے والوں کو خبردار کرتے ہیں، یہ اقدام ایک بڑے تصادم کو جنم دے گا‘۔