ہوم << اپنے میئر نے مان لیا - زبیر منصوری

اپنے میئر نے مان لیا - زبیر منصوری

زبیر منصوری "اپنے میئر "نے مان لیا مارا ماری کو تو کیا ہوا؟
کس مائی کے لال میں ہمت ہے کہ "اپنے میئر" پر پھندا بن جانے والی ایف آئی آر کاٹے؟
کس مائی کے لال میں حوصلہ ہے کہ "اپنے میئر "کے خلاف ثبوت پیش کرے گا؟
کس مائی کے لال جج میں جرات ہے کہ وہ شہر کراچی میں بیٹھ کر انصاف سے مقدمہ چلائےگا؟ پھر سزا دے گا اور اگر بفرض محال ایسا ہو گیا تو "مہاجر "دیوار سے نہیں لگ جائیں گے؟
اور ہاں کچھ ہوا تواعلی عدالتیں ہیں ناں بچانے کے لیے؟ نہ مانیں تو بیٹا اغوا کروا دو یا میسج کروا دو کہ "بڑی پیاری بیٹی ہے صاحب، اسکول وین میں ساڑھے سات بجے نکلتی ہے نا؟
بس اتنا کافی ہوتا ہے صاحب لوگوں کا پتہ پانی کرنے کے لیے
یوں بھی یہ سب کچھ اپنے میئر کو اپنوں میں معتبر ٹہرائے گا کہ پارٹی نے اب رینجرز کے سبھی کچھ کو اپنوں کی نظر میں نا معتبر جو بنا ڈالا ہے اور پرائیوں سے اسے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔
اور یہ پاک پوتر ہونے کا ایک مجرب طریقہ بھی ہے، پہلے پکڑے جائو، سارے الزامات لگوائو، پھر اپنی پولیس سے اپنے خلاف کمزور شہادتوں والے کیس بنوائو اور جب وہ ثابت نہ ہو سکیں تو پھر بری ہو کر دنیا کے سامنے پاک صاف ہو جائو.
اور یہ جو رینجرز متحدہ جھگڑا ہے ناں، یہ بس ایسے ہی ہے جیسے بال بےترتیب ہو جائیں تو حجام تھوڑا "سیٹ" کر دیتا ہے اور بس
اور اگر اس سے زیادہ کچھ تو بس "انا " کا جھگڑا. الطاف بھائی نے جو کچھ عالم مدہوشی میں رینجرز اور اس کے سربراہ کو کہہ دیا ہے اس کا بدلہ تو بنتا ہے ناں؟
اب رینجرز کبھی مہاجر نوجوان کو سر بازار روک کر اور تھپڑ مار کر اپنا غصہ اتارتی اور اگلے کو غصہ چڑھا کر قائد تحریک کی طرف دھکیلتی ہے اور کبھی بےوجہ کی چیکنگ شروع کر کے شرفا کو مجرموں کی طرح تلاشی کے لیے کھڑا کر کے اپنا کھڑاک کرتی ہے کہ ہم بھی ہیں ناں
اختیارات دو نہ دو
کوئی مستقل بھلا نہیں چاہتا اس شہر کا
سب کے اپنے مفادات ہیں اور اپنی اپنی گنے کا رس پی کر موٹی ہوتی "انا "یا انتقام کے مسائل
بےچارا کراچی
میرا کراچی دائرے کے سفر میں مصروف
ایک دریا کے بعد دوسرا دریا ہمیشہ جس کے سامنے ہوتا ہے
سب ڈرامہ بازی
سب وقتی، عارضی اور سطحی اقدامات اور کاروائی ڈالنے کی کاروائیاں
یہاں جو طاقتور ہیں وہ صالحیت سےمحروم ہیں
اور جو صالحیت والے ہیں وہ صلاحیت سے عاری
آہ
میرا کرچی کرچی کراچی

Comments

Click here to post a comment