ہوم << قوم کا نقصان نہ ہو اس لیے خاموش ہوں، عمران خان

قوم کا نقصان نہ ہو اس لیے خاموش ہوں، عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد خارجہ پالیسی کی کوشش پر امریکا ذوالفقار علی بھٹو سے خوش نہیں تھا اور اس نے کہا تھا کہ تمہیں نشانہ عبرت بنادیں گے اور اسی طرح آج ہماری حکومت بھی گرائی گئی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 5 جولائی کو مارشل لا لگا کر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کو ختم کیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو ملک کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے جارہے تھے جس پر امریکا خوش نہیں تھا کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی بنے، انہیں کہا گیا کہ تمہیں عبرت کا نشان بنادیں گے، اسی طرح آج امریکا نے یہاں میر جعفر اور میر صادق سے مل کر سازش کی، سازش کرنے والوں کے ذہن میں نہیں تھا کہ لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ لوگ ہم پر مسلط کیے گئے جن پر کرپشن کے کیسز ہیں، ان غداروں کا نظریہ پاکستان نہیں بلکہ پیسہ، امریکا ناراض ہوجائے تو ان کا پیسہ خطرے میں پڑجاتا ہے، ان لوگوں نے این آر او حاصل کرنے کے لیے ہماری حکومت گرائی، ان کا نظریہ صرف پیسہ ہے جس کے لیے یہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، ان لوگوں کو موقع ملے تو یہ اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، کشمیریوں کا سودا کریں گے اور پاکستان میں امریکا کو بیسز بھی دے دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان میں اس وقت خوف پھیلایا جارہا ہے، صحافیوں کو ہراساں کیا جارہا ہے یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے جس میں لوگوں کی آوازیں بند نہیں کی جاسکتیں عوام ان چوروں کو قبول نہیں کررہی، یہ لوگ کہتے تھے کہ مہنگائی کم کریں گے لیکن انہوں نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ہمارے اوپر دہشت گردی کے کیسز بنارہے ہیں، یہ لوگ ملک کو انارکی کی طرف لے جارہے ہیں، جیسی فاشزم یہ کررہے ہیں .

پاکستان میں ایسا کبھی نہیں دیکھا، قوم کا نقصان نہ ہو اس لیے چپ ہوں، مجبور کیا گیا تو پھر میں بولوں گا اور چپ نہیں رہوں گا، میں نے ویڈیو بناکر خفیہ جگہ پر رکھی ہوئی ہے جس میں بتایا ہے کہ میرے خلاف کس کس نے سازش کی اور کون کون ملوث رہا، مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو سامنے لائی جائے۔