ہوم << مائنس نواز شریف، امکان حقیقت بننے کو ہے. ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

مائنس نواز شریف، امکان حقیقت بننے کو ہے. ڈاکٹر عاصم اللہ بخش

عاصم اللہ بخش خدشہ ہے کہ ہم مائنس نوازشریف کے حقیقی امکان کے بہت قریب کھڑے ہیں.
اب یا تو اس وزیر کا نام اوپن کرنا پڑے گا جس نے خبر انگریزی اخبار کو خبر ”جاری“ فرمائی. یہی نہیں پھر اس وزیر کی برطرفی اور شاید مقدمہ. یاد رہے، یہ کوئی جونیئر وزیر یا شخصیت نہیں ہو سکتے. اگر وزیراعظم ایسا نہ کرنا چاہیں تو پھر انھیں حکومت اپنے بھائی یا کسی دیگر کے حوالے کرنا پڑے گی اور سمجھوتہ ہو جائے گا.
نواز شریف صاحب کے پاس ایک یہ آپشن ہے کہ نیا چیف اناؤنس کر دیں، یا.... جنرل راحیل شریف کی توسیع کا اعلان کردین. لیکن دونوں صورتوں میں بات مؤخر ہوگی، ٹلے گی نہیں، کیونکہ یہ کسی ایک فرد کا نہیں، ادارے کا معاملہ ہے. اس واقعہ سے پیدا شدہ بداعتمادی کا مہیب سایہ بہت دیر تک موجود رہےگا اور اس کے تلے کوئی مفید شے نمو نہیں پا سکتی. فوج اور سول قیادت میں باقاعدہ اور ریگولر مشاورت کا جو مثبت سلسلہ شروع ہوا تھا، وہ اب قصہ پارینہ بنتا دکھائی دے رہا ہے.
نواز شریف ہرگز غیر محب وطن یا غدار نہیں، انہوں نے آج تک نیشنل سکیورٹی پر کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا. لیکن ان کا مسئلہ ہے کہ فوج سے شدید کد رکھتے ہیں اور اس معاملہ میں اپنے بہترین دوست عمران خان کی پالیسی پر کاربند ہیں. اپنی کارکردگی پر توجہ کے بجائے دوسرے (فوج) کی پھٹی کھینچنے کے چکر میں رہتے ہیں.
اصل نقصان اس قوم کا ہے. اندرون ملک انتشار بڑھےگا. فوج کو رگڑنے والے اور زیادہ منہ پھٹ ہو جائیں گے. ملک کا سب سے زیادہ تجربہ کار سیاستدان کا مستقبل خطرے سے دوچار ہے. فوج اور حکومت میں اعتماد کا شدید فقدان پیدا ہو چکا ہے جس سے نیشنل سکیورٹی پر فیصلہ سازی تعطل کا شکار ہو سکتی ہے اور .... سی پیک کا مستقبل بھی غیر یقینی ہو سکتا ہے.
اس تمام قضیہ میں عمران خان ایک بار پھر پس منظر میں چلے گئے ہیں. اب ان کا دھرنا کچھ معنی نہیں رکھتا. اب ان کی تمام تر امید اس پر ہے کہ معاملہ زیادہ ہی ”بگڑ“ جائے اور ان کی ضرورت پڑ جائے.
چوہدری نثار اس سارے سلسلہ کی اہم کڑی ہیں. دیکھنا ہے وہ کن شرائط پر پیچ اپ کروا سکتے ہیں.

Comments

Click here to post a comment