انسان جنم لیتے ہی سب سے پہلے اپنے معاشی مسئلے کا چینخ چینخ کراظہار کرتا ہے۔وہ یہ نہیں کہتا کہ میں ننگاہوں مجھے کپڑے پہناؤیامیں کسی مذہب میں داخل ہوتا ہوں مجھے کلمہ پڑھاؤیانہ ہی وہ اپنے دوست ،دشمن ،خالق ،مالک اور رازق کے بارے میں استفسار کرتاہے اور نہ ہی وہ اپنی نسل رنگ اور زبان وغیرہ کے بارے میں آگاہی چاہتا ہے بلکہ اسکا سب سے پہلا،سب سے زورآوراور سب سے بنیادی تقاضااسکاپیٹ ہوتا جس کے بھر جانے پر وہ اپنے گردونواح سے بے خبر نیندکی آغوش میں اس طرح پہنچ جاتا ہے کہ پھر معاشی مسئلہ ہی اسے اس نیند سے بیدار کرتا ہے۔
جب کہ معاشرہ وہ ابتدائی آماجگاہ ہے جہاں انسان کا جنم واقع ہوتا ہے ۔انسان نہ ہی انڈے سے نکل کر پانی میں تیرنا شروع کر دیتا ہے اور نہ ہی کسی فارم میں اسکی پیدائش وپرورش کے مراحل طے ہوتے ہیں۔ماں کا پیٹ ایک معاشرتی اختلاط کے باعث حکم ربی سے بارآور ہوتا ہے ،ماں کی مامتاوہ سب سے پہلا تحفہ ہے جومعاشرے کی طرف سے انسان کو پیداہونے سے قبل ہی میسر آجاتا ہے۔پیدائش کے ساتھ ہی معاشرے کا عطا کردہ خاندان اس انسان زادے کو اپنی محبت ،الفت،پیار اور چاہت کی گھنیری چھاؤں میں لے لیتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ جانور،پرندے یا مچھلی کا بچہ تو شاید کسی معاشرتی پشتیبانی کے بغیر پل بڑھ سکے لیکن آدم زاد کو ایسی صورت حال میں کوئی خدائی معجزہ ہی حشرات الارض سے بچا سکتاہے۔
گویامعاش اور معاشرہ انسان کی وہ ضرورتیں ہیں جنہیں ذات باری تعالی نے کمال رحمت سے نومولودکی آمد سے قبل ہی پورا کر دیاہے ۔انسانیت ان دونوں عناصر کے بغیر نہ صرف نامکمل ہے بلکہ انسان کا وجودہی انہی دونوں کا مرہون منت ہے۔بچپن ،لڑکپن،آغازشباب،شباب،ادھیڑپن اور پھر بڑھاپے کی تمام منزلوں میں انسان پہلے سے زیادہ اور مزید زیادہ تر ان دونوں عناصر کا محتاج ہوتا چلا جاتا ہے ۔اسے معاشی اور معاشی ترقی کے لیے اپنا انسانی کردارادا کرنا ہے جس کو قدرت الہیہ نے بڑی خوبصورتی سے ماں کی مامتا اور باپ کی شفقت کے استعاروں میں ڈھانپ دیا ہے ۔
یہ دونوں کردار ماں اور باپ دراصل سب سے اولین معاشی و معاشرتی رضاکار ہیں’’ وَ وَصَّیْنَا الْاِنْسَانَ بَوَالِدَیْہِ حَمَلَتْہ‘ اُمُّہ‘ وَہْنًا عَلٰی وَہْنٍ وَّفِصٰلُہ‘ فِیْ عَامَیْنِ اَنِ اشْکُرْ لِیْ وَلِوَالِدَیْکَ اِلَیَّ الْمَصِیْرُ{۳۱:۱۴}‘‘ترجممہ:’’اورحقیقت یہ ہے کہ ہم نے انسان کواپنے والدین کاحق پہچاننے کی خود تاکید کی ہے ،اس کی ماں نے تکلیف پرتکلیف اٹھاکراسے اپنے پیٹ میں رکھااوردوسال اس کادودھ چھوٹنے میں لگے (اسی لیے ہم نے نصیحت کی کہ)میراشکرکرواوراپنے والدین کا شکربجالاؤ،میری طرف ہی تم کوپلٹناہے‘‘۔
ﷲ تعالی کاکیا عجیب اورشاندارنظام ہے کہ ناخن سے رسولی تک انسان کے جسم کے ساتھ لگی تکلیف دہ چیز جب کاٹ کر الگ کی جاتی ہے تو انسان اسے بڑی نفرت اور حقارت سے دیکھتا ہے اور اسے دور پھینک دیتا ہے لیکن نو ماہ تک دردپر درد دینے والا نومولود جب اس دنیا میں وارد ہوتا ہے تو ماں اسے سینے لگا کر اپنے شیریں چشموں سے سیراب کرتی ہے۔اگرچہ جانور کے ہاں بھی مامتا کا یہی کردارہے لیکن جانوروں کے ہاں اکثر نسلوں میں باپ کا کوئی کردار نہیں ہوتابلکہ بعض اوقات تو ماں اپنے بچوں کو نرجانور سے چھپاتی پھرتی رہتی ہے۔اسکے مقابلے میں انسان کے ہاں باپ کاکردارنسل کی پرورش پرمحیط ہے،جس کا بہت بڑا حصہ معاش سے تعلق رکھتا ہے یعنی باپ اپنے قبیلے کی معاشی کفالت کا ذمہ دار ہوتا ہے’’ اَلرِّجَالُ قَوَّامُوْنَ عَلَی النِّسَآئِ بَمَا فَضَّلَ اللّٰہَ بَعْضَہُمْ عَلٰی بَعْضٍ وَّ بِمَآ أَنْفَقُوْا مِنْ أَمْوَالِہِمْ{۴:۳۴}‘‘ترجمہ:’’مردحضرات عورتوں پر نگران ہیں،اس بناپر کہ اللہ تعالی نے ان میں سے ایک کودوسرے پرفضیلت دی ہے اوراس بناپر کہ مرداپنے مال خرچ کیے ہیں‘‘۔
معاشی ترقی اور معاشرتی ترقی کوجدا نہیں کیا جاسکتا،جو معاشرہ معاشرتی ترقی سے ہم آہنگ ہوگا وہیں معاشی ترقی بھی وقوع پزیر ہوگی اور جہاں معاشی ترقی ہو گی وہیں معاشرتی ارتقا بھی جنم لے سکے گا۔انفرادی سطح پر یہ ایسے ہی ہے جیسے پیٹ بھرے گا تو انسان کام کر سکے گا اور اگر انسان کام کرے گا تو پیٹ بھر سکے گا۔معاش کو معاشرے سے اور معاشرے کو معاش سے اسی طرح علیحدہ نہیں کیا جا سکتا جیسے انسان کو اسکے پیٹ سے علیحدہ نہیں کیا سکتا۔اگرمعاشرتی اقدار ڈھیلی پڑجائیں گی تومعاش بری طرح متاثرہوگی اور اسی طرح معاشی اقداراگرزوال پزیر ہوئیں تو معاشرے کی بنیادیں کھوکھلی ہوتی چلی جائیں گی۔
معاشرتی اور معاشی حقائق کو جاننے کے لیے انسان نے ہر سطح پر بہت کوششیں کی ہیں۔بہت نچلے طبقے میں دووقت کی روٹی اورعزت کی چھت کے حصول کوتما م مسائل کا حل سمجھا جاتا ہے،یوںدرجہ بدرجہ ہر سطح پر لوگوں کی فکر ایک بہاؤ کے ساتھ پروان چڑھتی ہے۔انسانی اعلی دماغوں نے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف نظام ہائے فکروعمل بھی پیش کیے ۔سیکولریورپی دانشوروں میں سے کسی نے انسان کو معاشی جانور کہا ہے اور کسی نے معاشرتی جانور اور کسی نے تو جنسی جانور تک بھی کہا ہے اورڈارون کے کیا کہنے جس نے انسان کو جانوروں کی نسل ہی قرار دے دیا۔یہ کیسے ’’دانشور‘‘ہیں جن کی فکرحیوانیت سے آگے بڑھ ہی نہیں پاتی جب کہ ان کے مقابلے میںانبیاء علیھم السلام نے انسان کو اشرف المخلوقات کامقام عطاکیا۔
سوشلزم ،کیمونزم،فاشزم،کیپٹل ازم ،لبرل ازم ،سیکولرازم،ہیپی ازم،ایتھیسٹس،اورملوکیت وجمہوریت وراہبانیت و برہمنیت وغیرہ یہ سب انسانی فکرودانش کے وہ ناکام تجربات ہیں جن کی آزمائش کی بھٹی میں انسان نے اپنی نسلوں کو جھونک دیا ہے،یہاں تک کہ آج پھر انسانیت چھٹی صدی عیسوی کے تباہ کن مقام تک آن پہنچی ہے ،جس پر قرآن مجید نے یوں تبصرہ کیا تھا کہ’’ وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا وَ اذْکُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰہِ عَلَیْکُمْ اِذْ کُنْتُمْ أَعْدَآئً فَاَلَّفَ بَیْنَ قُلُوْبِکُمْ فَأَصْبَحْتُمْ بِنِعْمَتِہٖ اِخْوَانًا وَ کُنْتُمْ عَلَی شَفَا حُفْرَۃٍ مِّنَ النَّارِ فَاَنْقَذَکُمْ مِّنْہَا کَذٰلِکَ یُبَیِّنُ اللّٰہُ لَکُمْ اٰیٰتِہٖ لَعَلَّکُمْ تَہْتَدُوْنَ{۳:۱۰۳}‘‘
ترجمہ:’’اورسب مل کراللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لواورتفرقہ میں نہ پڑو،اللہ تعالی کے اس احسان کویاد رکھوجواس نے تم پر کیا،تم ایک دوسرے کے دشمن تھے اس نے تمہارے دل جوڑ دیے اوراس کے فضل و کرم سے تم بھائی بھائی بن گئے تم آگ سے بھرے ہوئے ایک گڑھے کے کنارے کھڑے تھے کہ اللہ تعالی نے تمہیں اس سے بچالیا،اس طرح اللہ تعالی اپنی نشانیاں تمہارے سامنے روشن کرتاہے شایدکہ ان علامتوں سے تمہیں اپنی فلاح کاسیدھاراستہ نظرآجائے‘‘۔
مانی ازم سے عصری مغربی تہذیب تک تاریخ اس بات پر شاہد ہے کہ انسان جب آسمانی ہدایت سے الگ کر کے اپنی فکر و فلسفے کوبننے لگتا ہے توہمیشہ ٹھوکریں ہی کھاتا ہے۔جبکہ عقل و دانش کی الجھی ہوئی ،گنجلک اورتہہ در تہہ ڈوریوں کوجب آسمان سے جوڑ کر وحی کی تعلیمات میں انکا حل تلاش کیا جائے تو گویاڈورکاایک ایسا سرا ہاتھ لگ جاتا ہے کہ جس سے سارے کے سارے مسائل حل ہوتے چلے جاتے ہیں۔سودی نظم معیشیت آج اپنے انجام کو پہنچا چاہتاہے،معیارزندگی میں بڑھوتری کی دوڑکے اثرات بدآج عالمی سطح پر آسانی سے دیکھے جا سکتے ہیں،قرض کی مے پراستوار بلندوبالابنکنگ کا نظام ریت کی دیوار ثابت ہوچکا ہے،اشتہاربازی پر مبنی معاشرتی اقتدارکی حقیقت سراب کے سوا کچھ ثابت نہیںہوئی اور عورت کواسکے اصلی،حقیقی اور فطری مقام سے گرا کر جس معاشرت کا بیج بویا گیاتھا،خاندانی نظام کی تباہی کی فصل اسکے منطقی نتیجے کے طورپر آج کاٹی جارہی ہے۔
معاشی و معاشرتی ترقی کا انسانی خواب صرف انبیاء علیھم السلام کے طریقے پر ہی پوراہوسکتاہے۔وہ اپناپیغام پیش کرنے کے بعد سب سے پہلے یہی کہتے تھے’’ وَ یٰقَوْمِ لَآ اَسْئَلُکُمْ عَلَیْہِ مَالًا اِنْ اَجْرِیَ اِلاَّ عَلَی اللّٰہِ {۱۱:۲۹}‘‘ترجمہ:’’اوراے برادران قوم،میں اس کام پر تم سے کوئی مال نہیں مانگتا،میرااجرتواللہ تعالی کے ذمہ ہے‘‘۔یہ معیارنبوت ہے کہ رضاکارانہ طور پر انسانیت کی خدمت کی جائے۔نکاح وہ معاشرتی اقدار میں سے ایک اہم ترقدرہے جس کا تحفظ اور جس کا تسلسل ہی انسانی نسلوں کی بقاکاضامن ہے۔سوال یہ ہے کہ ساری عمر اکٹھی بسر کرنے کی نیت اور ایک خاندان کی پرورش کے ارادے سے ملنے والے مردوعورت کے ہاں ہونے والابچہ اور ہوس نفس اورحیوانی جبلت کی تسکین کی خاطرایک دوسرے کو جھنجھوڑنے اور بھنبھوڑنے کے بعد ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہوجانے والے مردوعورت کاہونے والا بچہ کیا انسانی نفسیات میں یکساں ہوں گے؟ہرگزنہیں،انسانی ساختہ تہذیبیں جو بھی کہیں، انبیاء کی تعلیمات نے ان کے درمیان حلالی اور غیرحلالی کا فرق کیا ہے اور یہ حقیقی و آفاقی فرق ہے۔
زکوۃ ،صدقات،عشر،خمس اورفطرانہ و قربانی پر بنیاد کرنے والی معیشیت کبھی بھی سود،ناجائزمنافع خوری،ذخیرہ اندوزی،اشتہاربازی اور نسوانیت کی محتاج معیشیت کے برابر نہیں ہوسکتی۔پہلی قسم کی معیشیت انسان کی اعلی اقدار کی حامل اور انکے رواج کی ضامن ہے جبکہ دوسری قسم کی معیشیت شائلاکی سوچ کی آئینہ داراور انسانی مجبوریوں کو اور ضرورتوں کو بڑھا چڑھاکرانکا استحصال کرنے والی ہے۔قرآن مجید نے واضع طور پر سود کو اﷲ اور اسکے رسول ﷺ کے خلاف اعلان جنگ قرار دیاہے کہ یہ دراصل انسانی تباہی کابھیانک،اندوہناک اورہولناک آغازہے۔’’ یٰأَ یُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اتَّقُوا اللّٰہَ وَ ذَرُوْا مَا بَقِیَ مِنَ الرِّبٰوا اِنْ کُنْتُمْ مُؤْمِنِیْنَ{۲:۲۷۸} فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰہِ وَ رَسُوْلِہٖ وَ اِنْ تُبْتُمْ فَلَکُمْ رُئُ ْوسُ اَمْوَالِکُمْ لَا تَظْلِمُوْنَ وَلاَ تُظْلَمُوْنَ{۲:۲۷۹}‘‘ترجمہ:’’اے لوگوجوایمان لائے ہواللہ تعالی سے ڈرواورجوکچھ تمہاراسودلوگوں پر باقہ رہ گیاہے اسے چھوڑدو،اگرواقعی تم ایمان لائے ہو،لیکن اگرتم نے ایسا نہ کیاتوآگاہ ہوجاؤکہ اللہ تعالی اوراس کے رسولﷺکی طرف سے تمہارے خلاف اعلان جنگ ہے،اب بی توبہ کرلو(اورسودچھوڑدو)تواپنااصل سرمایالینے کے تم حق دارہو،نہ ہی تم ظلم کرو اورنہ ہی تم پرظلم کیاجائے‘‘۔
انبیاء علیھم السلام اگراس دنیامیں تشریف نہ لاتے توجنگل کا بادشاہ اور درندگی و سفاکی کی علامت شیر،چیتااور بھیڑیا نہ ہوتے بلکہ انسان ہی ہوتا۔اس لیے کہ اکیسویں صدی کی دہلیزپرچکاچوندروشنیوں اور تہذیب و تمدن کے جگمگاتے گہواروں میں پلنے والی اقوام جو انبیاء علیھم السلام کی عطاکردہ معرفت وشعورزندگی سے بے گانہ ولاتعلق ہیں، کشمیر،چیچنیا،بوسینیا،عراق اور افغانستان سمیت پوری دنیامیں ان کے خونی کردار سے جنگل کے ان گوشت نوچنے والے شکاریوںکو بھی شرم آئے،اپنے آپ کو جانوروں کی نسل کہنے والوں نے پوری کوشش کی کہ انسان کے معاشی و معاشرتی نظام کو بھی ہوس نفس سے آلودہ کرکے تو جنگل کے برابر کر دیاجائے۔یہ انبیاء علیھم السلام کاترتیب دیاہوامعاشی و معاشرتی نظام ہے جس میں انسانیت کی نسلیں بڑھتی اور پھلتی پھولتی ہیں،انسانی رشتے تقدس کی مضبوط ترین تسبیح میں ایک ایک دانے کی طرح پروئے چلے جاتے ہیں .
اور اعلی اخلاقی اقدارسے مزین انسانیت کے عنوان سے لکھاجانے والا معیشیت کا سبق اپنی ایک ایک سطر پر انسان کو اسکے فرائض و حقوق یاد دلاتا چلا جاتاہے۔انبیاء علیھم السلام کی تعلیمات اور خاص طور پرمحسن انسانیت ﷺ کی تعلیمات دراصل اﷲ تعالی کی عطا کردہ ہدایت کا نچوڑ ہیں،اورانسانی عقل کسی صورت بھی وحی الہی کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔سورہ قدرکے مضمون کی ایک جہت یہ بھی ہے کہ سارے انسان ایک ہزارراتوں تک بھی اپنی عقل کے گھوڑے دوڑاتے تو ایسا شاندار نظام وضع نہ کرپاتے جتناکہ شاندارنظام اس ایک رات(شب قدر)کی برکت سے عالم انسانیت کو میسرآیا۔
حقیقت یہ ہے کہ اگر کل انسانیت کی معاشی و معاشرتی ترقی درکارہے توبانیان انسانیت علیھم السلام کی تعلیمات ہی اسکاواحد حل ہیں۔اسکے علاوہ کسی بھی طرح کے قسم ہائے قسم کے نظام جو انسانی منڈیوں میں موجود رہے ہیں اور موجود ہیں اور قیامت تک خود روبوٹیوں کی ماننداگتے رہیں گے،کسی خاص طبقے ،نسل،گروہ،قوم یا افراد کے لیے توجزوی طور پر فائدہ مند ہو سکتے ہیں انسانیت کے کل اجتماع کی خاطران کے پاس کوئی پیش نامہ ہمیشہ ناپید ہی رہے گایہاں تک کہ خالق کائنات کی آخری عدالت ان استحصالی طبقوں کو انکے اصل انجام تک پہنچا دے گی۔
تبصرہ لکھیے