ہوم << الفاظ - سمیع اللہ حامد

الفاظ - سمیع اللہ حامد

الفاظ کی بہت سی قسمیں ہیں.
جہالت کے چیختے، چلاتے، گالیاں دیتے ہوئے الفاظ
علم کے مختصر، جامع، قلب سلیم پر اثر کرتے ہوئے الفاظ
بھکاری کے ننگے، بھوکے، سوکھی ہوئی ٹانگوں والے الفاظ
بھیک دینے والے کے غرور و تکبر اور حقارت میں لپٹے ہوئے الفاظ
کسی مفلس کے معصوم بچے کی توتلی زبان سے مہنگی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے الفاظ
اور
مفلس کے بیچارگی میں لتھڑے ہوئے، جھوٹے، بہلاوا دیتے ہوئے الفاظ
مزدور کے مشقت بھرے، کھردرے، پسینے سے بھیگے ہوئے الفاظ
سیٹھ کے پیشانی پر بل لیے ہوئے، دھتکارتے، پھنکارتے، غلیظ گالیاں بکتے ہوئے الفاظ
والدین کے جوان اولاد کو نصیحت کرتے وقت حکمت، محبت اور درد لیے ہوئے فضیحت کے ڈر سے محتاط الفاظ
اولاد کے جوانی کے جوش میں دھمکیاں دیتے ہوئے نصیحت سے بےزار لہجے والے الفاظ
کچے آنگن اور چھوٹی دیواروں والے غریب گھر میں پل کر جوان ہونے والی سروقد خوبصورت بیٹی کے باپ کے اس کی حفاظت کرتے ہوئے الفاظ اور اس کی ماں کے تہجد کی نماز میں گڑگڑاتے، آنسو بہاتے ہوئے، اللہ سے بیٹی کے اچھے نصیب مانگتے ہوئے الفاظ
افسری کے زعم میں ڈانٹتے بے عزتی کرتے ہوئے الفاظ
اور معاشی مجبوریوں میں جکڑے ہوئے نچلے طبقے کے ملازم کے دل سے نکل کر زبان پر رک جانے والے جوابی الفاظ
گولیوں کی تڑتڑاہٹ اور بموں کے دھماکے جیسے ظالم کے الفاظ
اور
مظلوم بچوں کے آہوں چیخوں سسکیوں کے درمیان کٹے پھٹے اعضا والے، خون میں لتھڑے ہوئے الفاظ
شوہر کو سہولیات کے لیے پردیس رخصت کرتے وقت بیوی کے کپکپاتے ہونٹوں پر جدا نہ ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے کرتے رک جانے والے الفاظ
محبوب کے کان میں محبت کا رس لیے، میٹھے میٹھے، سرگوشیاں کرتے ہوئے الفاظ
نزع کے عالم میں موت کے فرشتے کو دیکھ کر دماغ میں ابھرنے والے انسان کے آخری الفاظ جن کو اللہ ہی جانتا ہے.
زبان نبوت صلی اللہ علیہ وسلم سے ادا ہونے والے پاکیزہ اور مطہر احادیث کی صورت میں ادا ہونے والے الفاظ جن کو پڑھنے، عمل کرنے اور آگے پہنچانے پر ہر مسلمان کی نجات ہے
اور
کلام اللہ شریف کے آیات، سورتوں اور پاروں میں تقسیم لاریب الفاظ جن کو کم لوگ جانتے ہیں اور بہت ہی کم لوگ عمل میں لاتے ہیں.

ٹیگز

Comments

Click here to post a comment