ہوم << آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام کھلا خط - ارشد زمان

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام کھلا خط - ارشد زمان

کھلا خط برائے چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل سید عاصم منیر
موضوع: دفاع وطن، عوامی اعتماد اور ادارہ جاتی کردار
محترم چیف آف آرمی اسٹاف،
جنرل سید عاصم منیر صاحب،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاته
اس کھلے خط کے ذریعے ایک عام پاکستانی کی آواز آپ تک پہنچانا مقصود ہے۔ ایک ایسی آواز جو خاموش اکثریت کی نمائندہ ہے۔ ہم آپ کو دشمن کے خلاف مضبوط دفاعی قیادت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی کچھ سنجیدہ قومی احساسات و تحفظات بھی آپ کی خدمت میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔

دشمن کے خطرناک عزائم کے پیش نظر پوری قوم کی نظریں اپنی افواج پر مرکوز ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں افواجِ پاکستان وطن عزیز کے دفاع میں ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑی ہے۔ مگر یہ دفاع، اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک عوام اور افواج کے درمیان اعتماد، احترام اور باہمی تعلق کی فضا بحال نہ ہو۔ پاکستان کسی فرد، طبقے یا ادارے کی جاگیر نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

بدقسمتی سے اس وقت عوامی سطح پر افواج کے کردار کے حوالے سے کئی تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان کی وجوہات سب پر عیاں ہیں:
• سیاست میں مداخلت اور غیر منتخب افراد کو اقتدار میں لانا
• محب وطن اور دیندار عناصر کے لیے سیاسی و سماجی میدان تنگ کرنا
• بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو قومی مفادات پر ترجیح دینا
• اپنے ہی عوام پر ریاستی طاقت کا استعمال اور ان کی تذلیل
• آئین و قانون سے ماورا اقدامات اور جبری گمشدگیاں
• قومی ادارے کا کاروباری و تجارتی سرگرمیوں میں بلاواسطہ ملوث ہونا
• بندوق کے زور پر مسائل حل کرنے کی روش
• وقتی مفادات کے حصول یا بیرونی دباؤ کے تحت خارجہ پالیسی کی تشکیل، جو افواج کا دائرہ کار ہی نہیں

یہ تمام عوامل نہ صرف عوامی اعتماد کو مجروح کرتے ہیں بلکہ ریاستی ڈھانچے کو بھی کمزور کرتے ہیں۔

عوام کا مطالبہ کوئی غیر فطری یا غیر آئینی بات نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ افواجِ پاکستان اپنی آئینی حدود میں رہ کر اپنا فریضہ ادا کرے، اور سیاست و حکومت کے معاملات کو عوام اور ان کے نمائندوں پر چھوڑ دے۔ جب فوج اپنے اصل کردار پر واپس آئے گی، تو عوام بھی دل و جان سے اس کا ساتھ دیں گے۔
ہماری دلی خواہش ہے کہ افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کا فخر بنی رہے۔ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہو، اور ہم سب اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ مگر یہ سب کچھ صرف ایک شرط پر ممکن ہے: اعتماد کی فضا کی بحالی۔
بس اتنی سی گزارش ہے کہ اس عوامی آواز کو سنیے، سمجھیے اور سنجیدگی سے غور فرمایئے۔

والسلام
ایک محب وطن پاکستانی

(یہ خط رائے عامہ کی ترجمانی کے طور پر لکھا گیا ہے اور کسی جماعت یا گروہ کی نمائندگی نہیں کرتا)

Comments

Avatar photo

ارشد زمان

ارشد زمان سیاست و سماج پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ انھی موضوعات پر مطالعہ اور تجزیہ ان کا شوق ہے۔ اقامتِ دین کے لیے برپا تحریک اسلامی کا حصہ ہیں اور عملی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ حقیقی تبدیلی کے لیے عملی کاوشیں ان کے مشن کا حصہ ہیں۔

Click here to post a comment