ہوم << غز ہ بڑا انسان بنانے کی تربیت ! عبدالعلام زیدی

غز ہ بڑا انسان بنانے کی تربیت ! عبدالعلام زیدی

بڑا انسان ۔۔۔ بڑی زندگی جیتا ہے ۔ کسی سے محبت کرنا اور اسی طرح کسی سے دشمنی کرنا ۔۔۔ دونوں ہی وقت ، توجہ ، صلاحیت ، قوت لیتے ہیں ۔۔ بڑے لوگ ۔۔۔ بڑے مقاصد سے محبت کرتے ہیں اور بڑے دشمنوں پر ہی فوکس رکھتے ہیں!

زندگی کیا ہے ، لمحے ، گھڑیاں ، جذبات ، اوقات ۔۔۔ یہ آپ جن لوگوں کو دے دیتے ہیں اور جن ٹاپکس کے اردگرد گزار دیتے ہیں ۔۔۔ آپ حقیقت میں انہیں اپنی زندگی دیتے ہیں ۔

ہمیں سوچنا چاہیے کہ کہیں ہم ان لوگوں میں سے تو نہیں ہیں کہ جو مذہبی اور معاشرتی لحاظ سے اپنی زندگی ۔۔ خدا ، رسول اور امتِ اسلام کے لیے نہیں جیتے ۔ جن کی محبت اور دشمنی کا سرکل ایک چھوٹی سی دنیا ہوتی ہے ، ایک فرقہ ، جماعت ، مسجد ، مفادات ، خاندان ، گھر ۔۔۔۔ انہیں سے محبت کر پاتے ہیں اور اکثر کی دشمنیاں بھی انہی میں گم رہتی ہیں ۔

اپنی ہی مسجد کے کچھ نمازیوں سے لڑتے ہوئے ، اپنے ہی گھر کے کچھ افراد سے جھگڑتے ہوئے ، اپنے ہی خاندان ، قوم ، محلے ۔۔۔ کے افراد سے الجھتے ہوئے ۔۔۔ زندگی بیت جاتی ہے ۔۔۔۔ یہ لوگ کبھی بڑا انسان نہیں بن پاتے ۔

غز ہ ۔۔۔ کا درد ۔۔۔ ہمیں بڑا انسان بننے کی راہ دکھاتا ہے ، جب ہم ہزاروں میل دور ۔۔۔ بسنے والے انسانوں سے اس لیے محبت کرتے ہیں کہ وہ ایک خدا پر ایمان رکھنے والے ہیں اور ہمارے نبی محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہیں ۔۔۔ تو یہ تعلق ہمیں بہت بڑا انسان بنا دیتا ہے ۔۔

یہ ہمیں وطن ، رنگ و نسل ، مسلک اور فرقے ۔۔۔ کی بندشوں اور بند کنوؤں سے آزاد کر کے ۔۔۔ امت کے پاکیزہ اور مقدس سمندر میں جینا سکھاتا ہے ۔۔۔ یہ ہمارے دشمنوں کا بھی تعین کرتا ہے ۔۔۔ کہ کن سے دشمنی کرنی ہے ، کن کے خلاف سوچنا ، بولنا ہے ، کن سے جھگڑنا اور الجھنا ہے ۔

یہاں ایک اور بات سمجھاتا چلوں کہ یقیناً ہم جس گھر ، ماحول ، معاشرے میں رہتے ہیں وہاں بہت سے اپنے ہمیں اذیت دیتے ہیں تو کیا ہم ان کی تکلیف سے باہر نہ نکلیں اور اس پر ری ایکشن نہ دیں ۔۔۔ ؟! یہ ایک دوسری انتہاء ہے جو معاشرے میں پھیلائی جاتی ہے اور ہم اس کے نام پر ظلم سہنے کی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں ۔ آئیے اس سوال کا جواب بھی سمجھ لیں !

یقیناً ہم جہاں رہتے ہیں ہمیں وہاں کے تمام افراد کے ساتھ عدل اور انصاف کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے ہوتے ہیں ، ظالم کوئی بھی ہو اسے روکنا ہوتا ہے ۔۔۔ مگر جب ہم اپنی ذات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں ، اپنے آپ کو مشرق و مغرب میں پھیلی معزز امت کا فرد سمجھتے ہیں ، اور اپنی امت کے دشمنوں کو مدنظر رکھتے ہیں تو تب ہم اپنی زندگی ۔۔۔ چھوٹے چھوٹے لوگوں ، مسائل پیدا کرنے والوں کے نام نہیں کرتے ۔۔۔ !

اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم اپنے اردگرد لوگوں کے ظلم سہنے لگتے ہیں ۔۔۔ بلکہ اس کا مطلب تو یہ ہے کہ ہم ان کے ساتھ باؤنڈری لگاتے ہیں ، جو زندگی میں رہنے کے قابل نہیں ہوتے ۔۔۔ ہم انہیں زندگی سے نکال دیتے ہیں ۔۔۔ تا کہ وہ ہماری زندگی کا موضوع نہ بنے رہیں ۔۔۔ ہم آگے بڑھتے ہیں ۔۔۔ خدا پر توکل کرتے ہیں ۔۔۔ دین کی روشنی میں معاف کرنے کے ساتھ ساتھ ۔۔۔ بدلہ لینے ، قصاص ، خلع ، طلاق ، تین دن کی ناراضگی ۔۔ ظالم کا ہاتھ تھامنے جیسے احکامات پر عمل کرتے ہیں اور خود کو بڑے انسان کے رتبے پر فائز رکھتے ہیں ۔

تو غز ہ سے محبت مجھے اور آپ کو بڑا انسان بنانے کی تربیت کر رہا ہے ، جن پر نظر رکھنی چاہیے ، جن کے قدم قدم سے واقفیت رہے ، جن کی چالوں کے مقابلے کی تیاری ہو ، جن پر دل ، دماغ اور کانوں کا فوکس رہے ۔۔۔ یہ ان دشمنوں کا تعارف کرا رہا ہے ۔۔۔ آئیے ہم اپنا محاسبہ کریں ۔۔ اور دیکھیں کہ ہم اس پہلو سے اپنی کتنی تربیت کر رہے ہیں!

Comments

Avatar photo

عبدالعلام زیدی

عبدالعلام زیدی اسلام آباد میں دینی ادارے the REVIVEL کو لیڈ کر رہے ہیں۔ اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس کے بعد سعودی عرب سے دینی تعلیم حاصل کی۔ زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم اے اسلامیات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولہور سے ایم اے عربی کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی سے اسلامیات میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ سید مودودی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں تعلیم کے دوران جامعہ ازھر مصر سے آئے اساتذہ سے استفادہ کیا۔ دارالحدیث محمدیہ درس نظامی کی تکمیل کی۔ دینی تعلیمات اور انسانی نفسیات پر گہری نظر رکھتے ہیں

Click here to post a comment