میں فیمینسٹ نہیں ہوں۔ میں متوازن ہوں۔ میں خواتین کے گھر سنبھالنے، گھر بسانے ، بچوں کی دیکھ بھال میں مرکزی کردار ادا کرنے کی حامی ہوں۔اس لیے میں یہ چاہتی ہوں کہ جب بیوی اپنے گھر کی خاطر اپنا کیریئر چھوڑے تو اس کے نہ کمانے کی وجہ سے اس کو کم تر نہ سمجھا جائے۔ فیصلہ سازی اور مالی امور سے اسے لاتعلق نہ کیا جائے کیونکہ وہ کماتی نہیں ہے۔
مرد پرووائیڈر ہے کفیل ہے ، عورت ہوم میکر ہے ٹھیک ہے توازن کی بات ہے دونوں نے ذمہ داریاں بانٹ لیں۔ لیکن پھر جب وہ فرد جو کما نہیں رہا تو اسے کم عقل بھی سمجھا جا رہا ہے، شوہر کسی کی بھی چکنی چپڑی باتوں میں آ کر اپنی کمائی اسے دیے جا رہا ہے، گھر والوں کی ضروریات سے پہلے باہر والوں کی لگژری فرمائشیں پوری کر رہا ہے۔ کچھ بولنے کی اجازت نہیں ۔ بول دیا تو طلاق کی دھمکیاں، تو توازن تو خراب ہو گیا ناں۔
جب عورت کی جوانی ڈھل گئی، تب مرد کو جوان بیوی چاہیے ۔وہی بڑھیا جس نے اپنا سب کچھ گھر کے لئے وقف کیا تھا، وہ اب کہاں کھڑی ہے؟ توازن تو بگڑ گیا ناں۔
کسے نہیں پسند کہ گھر میں رہے۔ اپنی مرضی سے سوئے، اپنی مرضی سے جاگے۔ لیکن توازن برقرار رکھنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی دی گئی صلاحیتوں کا پورا استعمال کرنا چاہیے ۔
اگر سب کچھ توازن میں ہے تو پریشانی ہی کیا ہے۔
پچھلی جنریشز میں عورتوں نے اطاعت گزاری ،خدمت گزاری کر کے دل جیتنے میں عمریں لگا دیں۔ پھر کیا ہوا کہ یہ سکے بے مول ہو گئے۔ توازن نہیں تھا ناں اس لیے۔
عزت کا پلڑا ادھر ہی جھکا جو کمائی لا رہا تھا۔ پورا وقت پوری خدمت کر کے بھی بیوی کے رشتے داروں کو وہ وقعت نہیں ملی جو شوہر کے رشتے داروں کی ملی۔ وہ تو کماتی نہیں، اس کا روٹی کپڑا تو ہم دے رہے ہیں۔ اس کے رشتے داروں کو تو یہ بتایا گیا کہ بیٹی کے گھر کا پانی بھی نہیں پینا ۔ انھیں کیا مشکل تھا جہاں بیٹی دی وہاں کا پانی پینا۔ یہ تو پانی دینے والوں کے ماتھے کی شکنیں تھیں جن کی وجہ سے انھوں نے عزت یہی سمجھی کہ نہ بیٹی کا پتہ لینے اس کے گھر جائیں نہ تواضع کروائیں ۔
فضول باتیں ہیں ناں یہ
سمجھ آ جائیں گی جس دن آپ کی اپنی بیٹی رخصت ہو کر جائے گی اس روز سمجھ آ جائیں گی۔
اختلاف کرنا ہے تو ٹین ایجر اور جوان بچیوں کی مائیں کریں۔ کیا میں غلط کہہ رہی ہوں۔
توازن رہتا تو اضافی ذمہ داریاں لینے کی ضرورت پیش ہی نہیں آ تی۔ توازن نہیں رہا اس لیے گھر سنبھالنے کے ساتھ ساتھ اپنی معاشی حیثیت بھی بنانی پڑی۔ توازن قائم کرنے کے لیے۔ قدر ، اشتراک اور عزت سب کو چاہیے، جو ہوم میکر ہے اسے بھی جو بریڈ ونر ہے اسے بھی۔ تبھی توازن قائم ہو گا۔ اور ہمیں توازن چاہیے ۔
تبصرہ لکھیے